0
Thursday 5 Sep 2019 12:11

وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا پاک افغان بارڈر کا دورہ

وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا پاک افغان بارڈر کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے طورخم گیٹ کو آزمائشی بنیادوں پر آمدورفت کیلئے 24 گھنٹے کھولنے کے بعد وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کے روز پاک افغان بارڈر پر واقع طورخم گیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر پشاور شہاب علی شاہ، ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع خیبر محمود اسلم وزیر کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی، ایف آئی اے، سکیورٹی فورسز کے اعلٰی حکام اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے طورخم گیٹ پر لوگوں کی آمدورفت کا تفصیلی معائنہ کیا اور طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کے بعد وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کے ہمراہ طورخم گیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جہاں پر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے طورخم گیٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طورخم گیٹ کو کھولنے سے نہ صرف بارڈر کے دونوں اطراف عوام کو ہر لمحہ آمدورفت کی سہولت فراہم ہونے کے علاوہ خصوصی طور پر تجارت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہونے کے علاوہ ملکی اور صوبائی معیشت کو بےپناہ سہارا ملے گا۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ طورخم بارڈر کے دن رات کھلے رہنے سے قبائلی ضلع خیبر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ بعد ازاں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے عنقریب طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کے باقاعدہ افتتاح کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور حکام سے انتظامات بارے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو افتتاحی تقریب کیلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس علاقے اور یہاں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک عظیم لمحہ ہوگا اس لئے اس کیلئے شایان شان انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 814589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش