0
Friday 20 Sep 2019 18:26

حکومت ایران سعودی کشیدگی میں غیر جانبدار رہے، صاحبزادہ حامد رضا

حکومت ایران سعودی کشیدگی میں غیر جانبدار رہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تکبر نہیں تدبر اور اپوزیشن جوش نہیں ہوش سے کام لے، جمعیت علماء ہند کی مسئلہ کشمیر پر مودی کی حمایت شرمناک ہے، حکومت ایران سعودی کشیدگی میں غیر جانبدار رہے۔ چونیاں میں قتل ہونیوالے بچوں کے قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے ماسٹر مائنڈ مشتاق سکھیرا کی وفاقی محتسب کے عہدے پر بحالی قابل مذمت ہے۔ نااہل ٹیم نے کپتان کو ہیرو سے زیرو بنا دیا ہے۔ جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے خطاب سے پہلے ملک میں یکجہتی کی فضا بنانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ احتسابی عمل مشکوک اور متنازعہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن راہنماوں کی گرفتاریوں سے کشمیر کاز پر یکجہتی کا ماحول خراب ہو رہا ہے۔ اس وقت ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا کشمیریوں سے غداری ہے۔ سیاسی اختلافات بھلا کر کشمیر کاز کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم دورہ امریکہ سے پہلے قومی قیادت کو اعتماد میں لے۔ جنرل اسمبلی میں عافیہ صدیقی کا مسئلہ بھی اٹھایا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ میں حجاب کی پابندی کرنے کا حکم واپس لینا افسوسناک ہے۔ حجاب چوائس نہیں اللہ کا حکم ہے۔ حجاب آرڈیننس کا اجرا ضروری ہے۔ معصوم بچوں کے اغواءکے بڑھتے واقعات پنجاب حکومت کی ناکامی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی توقعات پر پورا نہیں اتری۔ حکومت اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے۔ حکومتی شخصیات کا احتساب نہ ہونے کی وجہ سے احتسابی عمل پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ سندھ میں مندر پر حملہ قابل مذمت ہے۔
خبر کا کوڈ : 817338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش