0
Thursday 3 Oct 2019 20:39

تبدیلی سرکار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جماعت اسلامی

تبدیلی سرکار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ادویات 7 فیصد اور بجلی دو روپے فی یونٹ مزید مہنگی کرکے عوام پر 53 ارب کا بوجھ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس اس کی ایک سالہ کارکردگی نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے، ایک سال میں مہنگائی کی رفتار دگنی ہوگئی ہے، آٹا، چینی، چاول، گھی سمیت روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہے، تبدیلی اور عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے بجلی کی قیمت بڑھانے کو حکومت کا عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک سال سے تبدیلی کی دعویدار حکومت نے اپنے اقدامات سے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، ہر آنے والا دن عوام کیلئے ایک نئی مشکلات لیکر طلوع ہوتا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ گیس، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرکے عوام سے علاج معالجہ کی معمولی سکت بھی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے، ہمارے عوام پہلے ہی خطے کے دیگر ممالک بھارت، ایران، بنگلہ دیش اور چین وغیرہ کے مقابلے میں انتہائی مہنگی بجلی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کی حالت زار پر رحم اور اپنے منشور پر عمل کرکے عوام کو ریلیف دینے کے کرپشن فری اقدامات کرے، لائن لاسز و کرپشن کا خاتمہ، بند بجلی گھر فعال اور سستی بجلی پیدا کرنے کی ٹھوس منصوبہ بندی کرکے عوام کو بجلی بحران سے نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 819983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش