0
Sunday 6 Oct 2019 19:06
بھارتی فورسز نے 300 سے زائد کشمیری بیٹیوں کو اغواء کر لیا ہے

مسئلہ کشمیر تقریر سے نہیں عملی اقدام سے حل ہوگا، سراج الحق

مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں
مسئلہ کشمیر تقریر سے نہیں عملی اقدام سے حل ہوگا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ آج لاہور والوں نے حق ادا کر دیا ہے، ہم نے کال دی تو پورا لاہور آج مال روڈ پر ہے، میں نے کراچی والوں کو بلایا وہ بھی نکلے، پشاور، گلگت بلتستان، راولپنڈی، سرگودھا اور دیگر شہروں کے لوگ بھی نکلے اور حق ادا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان میری آواز پر نکلتا ہے مگر اسلام آباد میں بیٹھا ایک شخص اس لئے باہر نہیں نکلتا کہ وہ خود کو ٹیپو سلطان کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بڑی جاندار تقریر کی مگر اب تقریر اسے ڈھونڈتی پھر رہی ہے مگر وہ خود چھپا ہوا ہے، جب وہ اقوام متحدہ جا رہے تھے تو لوگ انتظار کر رہے تھے کہ وہ کیا خطاب کرتے ہیں، مگر انہوں نے خطاب تو کیا مگر عملی طور پر کچھ نہ کر سکے۔ آج کشمیر میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ تقریروں سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے عملی قدم اٹھانا ہوگا، سینکڑوں کشمیری شہید ہوگئے ہیں اور 300 سے زائد بیٹیوں کو بھارتی فوج نے اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اقوام متحدہ گئے لیکن ڈاکٹر عافیہ پر ایک لفظ نہیں بولے، تقریروں سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے عملی قدم اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا سینکڑوں کشمیری شہید ہوگئے ہیں اور 300 سے زائد بیٹیوں کو بھارتی فوج نے اٹھا لیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی، پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بھی لوگ کشمیر کیلئے نکل رہے ہیں۔ 27 ستمبر کے بعد آج 6 اکتوبر آ گیا کشمیر سے کرفیو نہیں ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیال تھا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں جانے سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے مگر انہوں نے کسی کو بلانا تک گوارا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیر اعظم کی تقریر ان کا پیچھا کر رہی ہے، تقریر وزیر اعظم کوتلاش کر رہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمیں بزدل حکمران قبول نہیں، انہوں نے ’’بزدل حکمران، نامنظور‘‘ کا نعرہ لگوایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری سری نگر میں پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، کٹ رہے ہیں، ان کی قبرستان آباد ہو رہے ہیں لیکن افسوس پاکستانی حکمرانوں نے کشمیریوں کی محبت کی قدر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر کی ایک بیٹی رابعہ نے پاکستان کا پرچم لہرایا، جب فوج نے اس کا پیچھا کیا تو اس نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، جب بھارتی فوج نے اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے چھت سے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگا کر چھلانگ لگا دی، اور شہید ہو گئے۔ مگر ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے۔

سراج الحق نے کہا کہ انڈیا آرمی ہماری بیٹیاں اٹھا رہی ہے، لوگ گھروں میں مر گئے ہیں مگر دفن کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا اگلا ایجنڈا مظفرآباد ہے، یہی مودی ہے جس نے گجرات میں 2 ہزار سے زیادہ مسلمانوں کو شہید کیا تھا، اسی نے بابری مسجد کو شہید کیا تھا، کشمیر کے انڈیا میں انضمام کوئی اچانک نہیں ہوا، یہ ہمارے حکمران کہتے تھے مودی کامیاب ہو گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا، اب مودی کامیاب ہو کر کشمیر کی متنازع حیثیت کو ہی ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں جنگ مسئلہ کا حل نہیں پھر بتائیں تو سہی مسئلے کا حل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1948ء میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو آزاد کروایا تھا، میں پوچھنا چاہتا ہوں، آپ ضمیر فروش ہیں، کل کے حکمرانوں نے ایمل کانسی، یوسف رمزی اور عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کیا۔ عمران خان امریکہ گئے مگر اقوام متحدہ میں عافیہ صدیقی کیلئے ایک بھی حرف نہیں بولے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہ بزدل حکمران ایک لفظ بھی عافیہ کی رہائی کیلئے نہیں بولے، مودی اور ٹرمپ دونوں عالمی بدمعاش ہیں، جو عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو پاکستان بنجر بن جائے گا، ہمارے دریاوں میں ایک قطرہ بھی نہیں آئے گا۔ آزاد کشمیر والے کہتے ہیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم 16 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور وزیراعظم ہاوس کے باہر دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رحمت اس وقت آتی ہے جب اللہ کا پیغمر 313 کیساتھ بدر میں قدم رکھتا ہے تو پھر فرشتے آتے ہیں۔ آپ بھی نیت باندھیں اللہ کی نصرت آپ کے شامل حال ہوگی۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارے طیاروں نے کیسے بھارتی طیارے گرائے، قوم کو وحدت کی لڑی میں پرونے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے قومی وحدت کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ ہم کہنا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کو عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچا سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 820486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش