0
Friday 11 Oct 2019 19:35

پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں، ایران ہمارا دوست اور ہمسایہ ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں، ایران ہمارا دوست اور ہمسایہ ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے موجودہ حالات میں ہندوستان سے بات چیت نظر نہیں آ رہی، کشمیر کے مسئلے پر امریکہ یا کوئی تیسری قوت کردار ادا کرے۔ اپوزیشن27 اکتوبر کے دھرنے پر متفق نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) میں بھی دھرنے پر اتفاق نہیں اور تفریق کا شکار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے 2 گھنٹے اپنی پارٹی قیادت سے ملاقات میں اقرار کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا غلط ہے اور اس میں تعاون نہیں کرنا چاہئے۔ جبکہ نوازشریف دھرنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں بھی مولانا فضل الرحمن کے دھرنے پر 2 سوچیں ہیں۔ پی ٹی آئی نے جب دھرنا دیا تھا بلاول بھٹو کہتے ہیں دھرنے کی سیاست کو جموریت کے لیے نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کیا آج جمہوریت کو ڈی ریل ہونے کا خدشہ نہیں ہے جبکہ اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا کے دھرنے کا استقبال کریں گے، لیکن ماضی میں وہ خود دھرنے کی سیاست کے مخالف رہے۔ بلاول کس کے اشارے پر دھرنے کی سپورٹ کا اعلان کر رہے ہیں، تحریک انصاف نے جو دھرنا دیا وہ پرامن دھرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت ہر شخص جانتا ہے کہ مولانا کے دھرنے کی سیاست کے پیچھے کیا مقاصد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں این اے 156 شاہ رکن عالم کالونی میں سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ستائیس اکتوبر کو ملک کے ہر شہر میں کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا، حکومت نے 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سفارتی میشنز کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، کشمیر میں بھارت کے عزائم کو یوم سیاہ پر مزید بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پر دنیا اور عالمی میڈیا کی خاموشی معنی خیز ہے، یورپ میں کسی جگہ پر کوئی چھوٹا سا معاملہ ہو جائے دنیا اس مسئلہ کو بریکنگ نیوز کے طور پر اٹھاتی ہے۔ جبکہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت دنیا کے سامنے ہے، جموں کشمیر میں کرفیو کو 63 دن سے زائد ہوچکے ہیں لیکن عالمی طاقتوں کی اس مسئلہ پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے، بھارت اپنی اس موقع کوشش میں ناکام رہے گا۔ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ میں موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں جو اقدامات کئے ہیں وہ ماضی کے دس سالوں میں کبھی نہیں ہوئے، پیرس میں اس حوالے سے پاکستان کا بھرپور موقف پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کچھ قوتیں چاہتی ہیں مسلمان بکھر جائیں، پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں، ایران ہمارا دوست بھی ہے اور ہمسایہ بھی ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے غلط فہمیاں دور ہوں۔
خبر کا کوڈ : 821485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش