0
Wednesday 16 Oct 2019 23:28

عمران خان کے استعفے سے پہلے مذاکرات نہیں ہوسکتے، مولانا فضل الرحمٰن

عمران خان کے استعفے سے پہلے مذاکرات نہیں ہوسکتے، مولانا فضل الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لے کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے کہا ہے کہ استعفے سے پہلے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران آزادی مارچ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے پہلے استعفیٰ ضروری ہوگا تاکہ استعفے کے بعد کی صورت حال پر مذاکرات کuے جاسکیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لئے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل دینے سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کا کوئی علم نہیں ہے، نہ ہی ہمارے ساتھ کوئی رابطہ ہے، مذاکرات سے پہلے استعفیٰ ضروری ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفے پر کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے مذاکرات کے لئے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ شروع کرنے کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ہم نے چند سیاسی فیصلے کئے، ہم سیاسی جماعت ہیں اور سیاسی معاملات کو سیاسی انداز میں حل کرنے کی صلاحیت اور جذبہ رکھتے ہیں جس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے پرویز خٹک کی سربراہی میں مولانا فضل الرحمٰن سے مذاکرات کے لئے مختصر کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 822504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش