0
Monday 28 Oct 2019 14:42

ملتان، صوبائی وزیر اختر ملک کی صدارت میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، کمشنر ملتان نے بریفنگ دی

ملتان، صوبائی وزیر اختر ملک کی صدارت میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، کمشنر ملتان نے بریفنگ دی
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری ہے، اس سلسلے میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی سربراہی میں پرائس کنڑول بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع ملتان میں گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی کیخلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح کیلئے گراں فروشوں پر بھرپور کریک ڈاون کیا جائے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں۔ چینی اور آٹے سمیت کسی بھی اشیائے خوردونوش کی قلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا، عوام کی جیبیں کاٹنے والے گراں فروشوں کو حوالات کی سیر کرائی جائے۔ پرائس کنڑول مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی فراہمی ارزاں نرخوں پر یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنڑول مجسٹریٹ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور جرمانوں سے زیادہ قیمتوں کے کنٹرول پر زور دیں۔

اس موقع پر بریفننگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے بتایا کہ کمشنر آفس میں پرائس کنڑول فیڈ بیک میکنزم سسٹم تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ مختلف آئٹمز بارے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے گئے ہیں، رواں ماہ ضلع میں 7112 چھاپے مارے گئے، 1 ایف آئی آر درج اور 1 گراں فروش کو گرفتار کیا گیا جبکہ 1130 گراں فروشوں کو 1969200 روپے کے جرمانے کیے گئے۔ قیمت پورٹل پر موصول 651 شکایات سے 640 حل کر لی گئی ہیں، کمشنر افتخار سہو نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بدری سے بچنے کیلئے کارکردگی بہتر کریں، جن پرائس کنڑول مجسٹریٹس کی کارکردگی بہتر نہیں ان کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ متعدد گراں فروشوں کیخلاف لاکھوں روپے کے جرمانے کئے گئے، اب حوالات کی باری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی افسران بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام اقدامات کریں، جو ریٹ بنایا جائے اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، تمام پرائس کنڑول مجسٹریٹ ناپ تول کے پیمانے بھی چیک کریں، جبکہ ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں۔ افتخار سہو نے مزید کہا کہ قیمت پورٹل پر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 824347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش