0
Wednesday 30 Oct 2019 21:21
خاتم الانبیاء (ص) ایئرڈیفنس یونیورسٹی کی گریجوئیشن تقریب سے خطاب

عراق و لبنان کے ہمدردوں کی پہلی ترجیح ناامنی کا علاج ہونا چاہیئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای

ایک آزادی پسند اور خود مختار قوم دشمن کے غلط اعداد و شمار کے جال میں کبھی نہیں پھنستی
عراق و لبنان کے ہمدردوں کی پہلی ترجیح ناامنی کا علاج ہونا چاہیئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تہران میں واقع خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس یونیورسٹی کی گریجوئیشن تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے سب سے پہلے شہیدوں کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امن و امان کی حفاظت کو ایک مقدس اور حساس فریضہ قرار دیا اور خطے کے ممالک خصوصاً عراق و لبنان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق و لبنان کے ہمدرد جان لیں کہ ناامنی کا علاج انکی پہلی ترجیح ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی عوام کو بھی یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیئے کہ انکے جائز مطالبات کو پورا کرنا بھی قانونی نظام کے اندر ہی ممکن ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکام، معاشرے کے موثر افراد اور مخلتف قومی دھڑوں کو دشمن کی کوششوں کا ہوشیاری اور بصیرت (عقلمندی) کیساتھ مقابلہ کرنے کی نصیحت اور چند اہم نکات کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے وعدوں اور اپنے مستقبل پر امید قائم رکھیں، دشمن پر اعتماد نہ کریں، ایک لمحے کیلئے بھی دشمن کی حرکتوں سے غافل نہ ہوں، اپنی کامیابیوں پر نہ اِترائیں اور ملک کی سکیورٹی فورسز ہر لمحے دشمن سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ناامنی اور افراتفری کو کسی بھی ملک کیلئے سب سے بڑی آفت قرار دیا اور خطے کے بعض ممالک میں افراتفری اور ناامنی پھیلانے پر مبنی دشمن کی سازش کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمامتر خباثتوں اور خطرناک کینہ پروریوں کے موجب چند ایک جانے پہچانے ہاتھ ہیں جبکہ ان تمام حوادث کے پیچھے امریکی و مغربی انٹیلیجنس ایجنسیز ہیں اور خطے کی بعض آمر حکومتوں کا پیسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایران کیلئے بھی ایسے ہی منصوبے تیار کر رکھے تھے، لیکن خوش قسمتی کیساتھ ایرانی قوم نے میدان میں قدم رکھتے ہوئے عقلمندی سے کام لیا جبکہ ایرانی سکیورٹی فورسز بھی دشمن کی تمامتر سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار تھیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی آرمڈ فورسز کے کمانڈر انچیف اور سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے خاتم الانبیاء (ص) ایئر ڈیفنس یونیورسٹی میں گریجوئیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران ایک آزادی پسند اور خود مختار قوم کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک آزادی پسند اور خود مختار قوم دشمن کیطرف سے پھیلائے گئے غلط اعداد و شمار کے جال میں کبھی نہیں پھنستی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی بہت سی سازشوں میں سے ایک سازش کسی بھی قوم کے حکام، موثر افراد اور عوامی دھڑوں کے حساب کتاب میں تبدیلی لانے پر مبنی ہوتی ہے، تاکہ وہ حقیقی قومی یا اپنے ذاتی مفاد کے درمیان تمیز نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اسی طرح بعض اوقات کسی بھی ملک کے مینیجمنٹ سسٹم، سوچ اور حساب و کتاب پر اثرانداز ہو جاتا ہے، لیکن ایک آزادی پسند اور خود مختار قوم کبھی دشمن کے ان اقدامات کا اثر قبول نہیں کرتی اور اپنے قومی مفاد کے حصول کیلئے بہادری کیساتھ سینہ سپر ہو جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 824761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش