0
Thursday 14 Nov 2019 15:40

حکومت شنگریلا کے اطراف میں ناجائز قبضے کا سلسلہ فوری ختم کرے، سید عباس رضوی

حکومت شنگریلا کے اطراف میں ناجائز قبضے کا سلسلہ فوری ختم کرے، سید عباس رضوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے صدر اور ممبر جی بی کونسل علامہ سید محمد عباس رضوی نے عوامی شکایات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ادارے عوامی فلاح و بہبود و ملک کی ترقی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہوتے ہیں۔ ان کا اخلاقی و قانونی فریضہ معاشرے میں عدالت قائم کرنا ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اور اس کے ادارے اس مقدس فریضے کا شعور ہی نہیں رکھتے۔ ہماری بدبختی کی اصل وجہ بھی یہی ہے کہ سرکاری ملازمین اور ادارے مادی ضروریات سے زیادہ کسی چیز کا شعور ہی نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تمام سرکاری ادارے عوامی دسترس اور سرکاری متعین مقامات پر تعمیر کرنے کے بجائے کچورا شنگریلا کے تفریحی مقام پر ڈیرہ جمانے کی خواہش میں سرکاری بجٹ پر بوجھ بڑھا رہے ہیں۔ جہاں زمین کی قیمت عام جگہوں سے دس گنا اور تعمیرات بھی عام قیمت سے کہیں زیادہ ہیں۔

رکن کونسل کا کہنا تھا کہ عدلیہ ہو یا فوج یا انتظامی ادارے سب تفریح کے لیے زمین لینے کے چکر میں ہیں۔ بیوی بچوں کے ساتھ کشتی میں یا بنگلوں میں رہنے والے سرکاری ملازمین عوام کی کیا خدمت کر سکتے ہیں؟ اس خواہش کے حصول میں کچھ ادارے کامیاب ہو چکے ہیں، کچھ ابھی خواب دیکھ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ابھی حال ہی میں ایک سرکاری ادارہ شنگریلا کے بالمقابل کسی یتیم کی زمین پر قبضہ جمانے کے چکر میں ہے۔ وہ بھی عام مارکیٹ ریٹ کا عشر عشیر تھما کر اپنے لیے عیاشی کا اڈہ بنانے پر تلا ہوا ہے۔ اگر سرکاری اداروں کا یہ حال ہو تو اس ملک میں کب عدالت قائم ہو گی؟ کب عوام کی حق تلفی کا سلسلہ رک جائیگا؟  لہذا ہم شنگریلا کے اطراف میں ان عیاشی کے اڈوں کے قیام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حقوق پر ناجائز ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے اور یتیم کے حق کی حمایت میں پوری توانائی استعمال کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 827360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش