0
Wednesday 20 Nov 2019 19:00

نواز شریف”طبی این آر او“ کے تحت بیرون ملک گئے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

نواز شریف”طبی این آر او“ کے تحت بیرون ملک گئے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف”طبی این آر او“ کے تحت بیرون ملک گئے ہیں۔ نواز شریف کی طرح دوسرے بیمار قیدیوں کو بھی ریلیف ملنا چاہئے۔ طاقتوروں کے لئے قانون موم کی ناک، جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بن چکا۔ این آر او نہ دینے کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ نئے سال کے دوران سیاست میں ڈرامائی تبدیلیاں آئیں گی۔ مولانا کا پلان بی عوام کے لئے عذاب بن چکا ہے۔ سیاسی مفادات کے لئے راستے بند کرنا عوام دشمنی ہے۔ حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس اور بیزار ہے۔ سیاست کا دھندہ اور کاروبار بن جانا المیہ ہے۔ وزیراعظم کو اب کرپشن کے بیانیہ سے نکل کر عوام کے لئے کچھ کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہمارا نظام انصاف بوسیدہ ہو چکا ہے۔ عدلیہ پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا ہے۔ عدالتوں میں امیر و غریب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہئے۔ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے مولانا فضل الرحمن کو دھرنے کے لئے ملنے والے پیسے حلال ہو گئے۔ پاکستانی سیاست نظریات نہیں شخصیات کی اسیر ہے۔ سیاست میں بدزبانی کا بڑھتا رحجان تشویشناک ہے۔ متناسب نمائندگی کا نظام لایا جائے۔ موجودہ کرپٹ نظام عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ قوم کو مایوسی اور ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ حکومت اور اپوزیشن نیشنل ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کریں اور باہمی محاذ آرائی چھوڑ کر عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 828225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش