0
Friday 22 Nov 2019 19:08

لاہور، آئی ایس او پاکستان کے 48ویں مرکزی کنونشن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا

لاہور، آئی ایس او پاکستان کے 48ویں مرکزی کنونشن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ تین روزہ 48 ویں مرکزی کنونشن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ کنونشن کے موقع پر امامیہ سکاوٹس کے چاک و چوبند دستے نے مزارِ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی پر سلامی پیش کی۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی، امامیہ چیف سکاوٹ عباس علی اور ممتاز عالم دین علامہ مہدی کاظمی نے آئی ایس او کے بانی رہنما شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ کنونشن میں ملک بھر سے طلباء کی کثیر تعداد شریک ہے۔ سکاوٹ سلامی کی تقریب سے مرکزی صدر قاسم شمسی اور علامہ مہدی کاظمی نے خطاب کیا۔

دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے نوجوانان پاکستان کیلئے آئی ایس او کا پلیٹ فارم بنا کر آنے والی نسلوں پر بھی احسان کیا ہے کہ نوجوان اس پلیٹ فارم سے اپنی زندگیاں دینی اقدار کے مطابق بناتے ہیں، نہ صرف اپنی بلکہ اپنے دوستوں کی بھی فکری و نظریاتی تربیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او اپنا 48واں کنونشن منعقد کر رہی ہے جو بہت بڑا سنگ میل ہے اور آئندہ 2 سال بعد آئی ایس او 50 واں کنونشن منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن میں شریک ہونیوالوں کو فکری تربیت کیلئے بھی خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں علمائے کرام اور سینئرز کے دروس شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے نوجوان شہدا کے حقیقی وارث اور امین ہیں۔ شہدا کے افکار و کردار پہ عمل پیرا ہوکر اور باہم متحد ہوکر پاکستان کی مضبوطی اور سربلندی کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔

کنونشن کے دوسرے روز تعلیمی کانفرنس بعنوان تعلیم ہمارا میدان جہاد اور اتحادِ ملت کانفرنس، جامعة المصطفی، پاک عرب سوسائٹی فیروز پور روڈ لاہور میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس سے جامعہ امام خمینی کراچی کے سربراہ علامہ غلام عباس رئیسی،  علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ افتخار حسین نقوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی، صوبائی صدر شیعہ علما کونسل سندھ علامہ ناظر تقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل ثاقب اکبر، چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن سجاد حسین نقوی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے موجودہ مرکزی صدر قاسم شمسی خطاب کرینگے۔ کنونشن کے آخری روز نئے مرکزی صدر کا اعلان و انتخاب ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 828482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش