0
Wednesday 27 Nov 2019 19:34

قرآن کی توہین کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، علامہ سبطین سبزواری

قرآن کی توہین کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، علامہ سبطین سبزواری
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ناروے میں قرآن مجید کی توہین کا واقعہ ناقابل برداشت اور اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت ہے، جس کا ارتکاب ایک متعصب دہشت گرد تنظیم سیان کی طرف سے کیا گیا ہے، ایسے لوگ اسلامی تعلیمات کی ترویج اور شریعت محمدی کے بطور تیزی سے پھیلتے ہوئے مذہب اسلام سے خوفزدہ ہیں، اسلامی تعلیمات جہاں ہمیں کسی بھی مذہب کی دل آزاری کی اجازت نہیں دیتیں، وہیں مقدسات اسلام کی حفاظت کا بھی حکم دیتی ہیں۔ لاہور عہدیداروں سے خطاب میں علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ دوسرے ادیان کے مقدسات کا احترام دنیا کا ہر مذہب کرتا ہے۔ علمی حوالے سے دوسرے مذاہب کیساتھ اختلاف ہوسکتا ہے لیکن انتشار افتراق اور توہین کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ توہین قرآن کے مرتکب ہوکر متعصب دہشت گرد مجرموں نے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اس سے پہلے بھی ناروے میں خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں بھی سازش کے تحت توہین آمیز واقعات کروائے جاتے رہے ہیں۔ اس اشتعال انگیزی کیخلاف دنیا بھر میں اسلام کے شیدائیوں نے احتجاج کیا اور واضح کیا کہ اسلامی شعائر کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، لیکن عاقبت نااندیش لوگ اس سے باز نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایک جانور کو تکلیف دینے کو تیار نہیں ہیں، وہ ایک ارب سے زائد انسانوں کو تکلیف پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔ یہ منافقت ناقابل فہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت اسلام کو دہشتگرد مذہب بنا کر پیش کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، اس لیے کہ اسلام اپنی تعلیمات کی حقانیت اور عملیت کی بنیاد پر انسانوں کے اندر تیزی سے ترویج پانے والا مذہب ہے، البتہ ایسی انتہاء پسند تنظیمیں جو قرآن مجید کی بے حرمتی کر رہی ہیں، ان کی حوصلہ شکنی کیلئے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ دنیا کو عالمی جنگ سے روکا جا سکے، کیونکہ تسلسل کیخلاف توہین آمیز واقعات ناقابل برداشت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 829364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش