0
Thursday 5 Dec 2019 21:41

حکومت کچی پرچی پر پکا کام کرنا چاہتی ہے جو ممکن نہیں ہے، قمر زمان کائرہ

حکومت کچی پرچی پر پکا کام کرنا چاہتی ہے جو ممکن نہیں ہے، قمر زمان کائرہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر الزماں کائرہ نے سرگودہا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے جب کہ موجودہ نا اہلوں کا ٹولہ ملک کو مشکلات میں دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کچی پرچی پر پکا کام کرنا چاہتی ہے جو ممکن نہیں ہے۔ سابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرالزماں کائرہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تجویز دی کہ کوئی بھی نا اہل وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم سے بات چیت نہ کرے۔ پی پی پی کے مرکزی رہنما نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت خود بحران پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ 60 دن قبل حل ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وہ 60 دن ضائع کردیے اور اس ضمن میں اپوزیشن کی جانب سے بھجوائے جانے والے ناموں پر بھی کوئی بات نہیں کی۔

قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے معاملے پر نا اہلی دکھانے کے بعد یہ دوسرا مسئلہ سامنے آیا ہے۔ انہوں ںے خبردار کیا کہ کچی پرچی پر پکا کام نہیں ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پی پی پی کے مرکزی رہنما نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ لٹکانے کی وجہ صرف فارن فنڈنگ کیس ہے۔ قمرالزماں کائرہ نے واضح کیا کہ جنرل مشرف کے خلاف کیس ہم نے نہیں موجودہ حکومت نے دائر کیا اور اب انہیں بچانے کے لیے بھی وہی لوگ متحرک ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کو بے بس کردیا گیا ہے اور پورا صوبہ بیوروکریسی کے ذریعے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ 27 دسمبر کو لیاقت باغ میں حکومت کو واضح پیغام دیں گے کہ اب ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 830995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش