0
Tuesday 10 Dec 2019 18:23

انسانی حقوق صرف پیسے والوں کو میسر ہیں، خرم نواز گنڈاپور

انسانی حقوق صرف پیسے والوں کو میسر ہیں، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق صرف پیسے والوں کو میسر ہیں، یہ ظلم، نظریہ پاکستان اور اسلام کے نظام عدل کی نفی ہے، انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور جان و مال کا تحفظ یہ انسان کے بنیادی حقوق ہیں، آئین پاکستان نے ان جملہ حقوق کی گارنٹی دی ہے مگر بدقسمتی سے یہ حقوق ہر شہری کو یکساں میسر نہیں ہیں۔ اجلاس سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، فراز ہاشمی، ضیاء الرحمن ضلج نے بھی خطاب کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلاشبہ آج بالادست قوتیں کمزور اقوام کا سیاسی، معاشی استحصال کر رہی ہیں اور بالادست ملکوں کے ناانصافی پر مبنی رویوں کی وجہ سے غربت بڑھ رہی ہے اور عام آدمی پیٹ بھر کر کھانا بھی نہیں کھا سکتا، یہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو پانچ سال گزرجانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، انصاف کی عدم فراہمی بھی انسان کے بنیادی حق کی نفی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کو اہل کشمیر کیساتھ استصواب رائے کے حوالے سے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے، کشمیری عوام بنیادی حق کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے درست کہا ہے کہ معاشرے کے مظلوم طبقے کو انصاف دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم بھی اسی سوچ کے تحت انصاف چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 831921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش