0
Wednesday 11 Dec 2019 14:41

لاہور، جیل روڈ میدان جنگ بن گیا، وزیراطلاعات پر بھی وکلا کا تشدد، پولیس وین نذر آتش

لاہور، جیل روڈ میدان جنگ بن گیا، وزیراطلاعات پر بھی وکلا کا تشدد، پولیس وین نذر آتش
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے باہر جیل روڈ میدان جنگ بن گیا، وکلا نے پولیس کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی جبکہ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل کی گئی تھی جس میں ڈاکٹرز نے چیلنج کیا تھا کہ وکلاء اب پی آئی سی کے باہر آ کر احتجاج کرکے دکھائیں جس پر وکلاء مشتعل ہو گئے اور پی آئی سی کے باہر پہنچ گئے۔ وکلاء نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹرز کا چیلنج قبول کر لیا ہے اب چیلنج دینے والے ڈاکٹرز باہر آئیں۔ اس موقع پر وکلاء نے توڑ پھوڑ کی تو اینٹی رائٹ فورس نے انہیں روکنے کی کوشش کی، ناکامی کی صورت میں اینٹی رائٹ فورس نے وکلا پر آنسو گیس شیلز برسائے اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔
 
اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان وکلا سے مذاکرات کرنے آئے تو وکلا نے انہیں بھی پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے فیاض الحسن چوہان زخمی ہو گئے۔ مشتعل وکلا نے پولیس کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی جبکہ اس موقع پر رینجرز کے اہلکار بھی پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے پی آئی سی کے باہر ہونیوالی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور اور سیکرٹری صحت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پورے صوبے میں ہڑتال کی کال دیدی ہے۔
خبر کا کوڈ : 832088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش