0
Wednesday 25 Dec 2019 18:18

قائداعظم پاکستان کو لبرل نہیں اسلامی فلاحی سلطنت بنانا چاہتے تھے، اشرف جلالی

قائداعظم پاکستان کو لبرل نہیں اسلامی فلاحی سلطنت بنانا چاہتے تھے، اشرف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے لاہور میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کے کونے کونے میں گاندھی کا فلسفہ سرنگوں اور قائد اعظم کا فلسفہ سرفراز ہوتا نظر آ رہا ہے، اگر سیاسی دکانوں پر قائداعظم کے نام کی بجائے پیغام چلایا جاتا تو پاکستان اپنے حقیقی مقاصد پا چکا ہوتا۔ قائداعظم محمد علی جناح دو قومی نظریے کا چلتا پھرتا کردار تھے۔ آپ کی اصول پسندی، اخلاص، محنت نے مسلمانانِ ہند کو منزل آشنا کیا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے عشق رسول (ص) اور عقیدہ ختم نبوت سے برطانوی سامراج کو زیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) قائد اور اقبال کے پاکستان کو مغربی سازشوں سے بچا کر تجلیات مدینہ منورہ کا مرکز بنانا چاہتی ہے، قائداعظم پاکستان کو لبرل نہیں اسلامی فلاحی سلطنت بنانا چاہتے تھے، اسلامیان برصغیر نے قائداعظم کی قابل فخر قیادت میں قیام پاکستان کا جو کارنامہ کر دکھایا اس سے پوری دنیا میں مسلمانوں کے سر فخر سے بلند ہوگئے، آج پاکستان کے اسلامی تشخص کی مخالفت کرنیوالے لیڈر اور دانشور قائداعظم کے نہیں گاندھی کے پیروکار ہیں، پاکستان میں اکھنڈ بھارت کی پنپنے والی سوچ بانی پاکستان کی روح کیلئے اذیت ناک اور سالمیت پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔ دو قومی نظریہ سے متصادم راستہ اپنانا فکری آوارگی ہے، یکے بعد دیگرے آنیوالے کرپٹ حکمرانوں نے حقیقی پاکستان کا نقشہ ہی بدل دیا ہے، ادھورے پاکستان کی تکمیل کیلئے اسلام کے آفاقی اصولوں کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 834760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش