0
Friday 31 Jan 2020 00:59

یو اے ای کا کامیاب جوان پروگرام کیلئے 20 کروڑ ڈالر دینےکا اعلان

یو اے ای کا کامیاب جوان پروگرام کیلئے 20 کروڑ ڈالر دینےکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو کامیاب جوان پروگرام کے لیے 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے حکومت پاکستان کو کامیاب جوان پروگرام میں تعاون کی غرض سے بڑی پیشکش کر دی۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا۔ رقم کا وعدہ ابو ظہبی کے کراؤن پرنس محمد بن زید النہیان کی جانب سے حالیہ دورہ کے دوران کیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے عثمان ڈار سے ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت دیکھی ہے، پاکستان سے مل کر نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، پاکستانی نوجوانوں کے لئے عملی اقدامات کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔

یو اے ای کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرم شروع کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے وفد کو متحدہ عرب امارات بھیجنے پر اتفاق کیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو انٹرپرینیور شپ سمیت آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مہارت سکھائی جائے گی۔ ساتھ ہی متحدہ عرب امارات نے پاکستانی نوجوانوں کو دبئی ایکسپو 2020ء میں بھی شراکت دار بنانے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی نوجوانوں کو خصوصی پویلین دیئے جائیں گے، مستقبل میں ہنرمند نوجوانواں کو شاندار مواقع فراہم کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام میں تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نوجوان طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں پر خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 841703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش