0
Tuesday 4 Feb 2020 18:49

بھارتی بربریت کا مقابلہ کرنیوالے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، چودھری سرور

بھارتی بربریت کا مقابلہ کرنیوالے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، چودھری سرور
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے یوم کشمیر کے موقع پر "یکجہتی کشمیر سیمینار" کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت گورنر پنجاب جناب چودھری محمد سرور نے کی جبکہ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک مہمان خصوصی تھیں۔ سیمینار میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری رانا محمد عظیم، پریس کلب کے نائب صدر قذافی بٹ، سیکرٹری بابر ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی شاہد چودھری، حسنین چودھری، پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری اشرف مجید، سینئر صحافی سلمان غنی، پیس اینڈ کلچر کی چیئرپرسن ریحانہ حسین ملک، سماجی رہنما رانا عثمان سمیت سینئر صحافی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ مشعال ملک اور کشمیر میں غاصب بھارت کیخلاف برسرپیکار ان جیسی لاکھوں مائیں بہنیں آزادی کشمیر کا سمبل بن گئی ہیں اور میں مقبوضہ کشمیر میں تمام کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو شدید ظلم و بربریت کا نہتے مقابلہ کر رہے ہیں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کی اقتصادی حیثیت کے باعث کشمیریوں کے حق میں بولنے سے دنیا صرف نظر کرتی رہی ہے لیکن اب ہم نے ایسی حکمت عملی اختیار کی ہے اور دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ اجاگر کیا ہے جس سے اب تمام دنیا کشمیریوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کیخلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ تقریب سے دیگر مقررین نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، تمام کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے، دس لاکھ بھارتی فوجی اور آر ایس ایس کے غنڈے مظلوم ماﺅں، بہنوں، بیٹوں، بچوں اور جوانوں کو کھلے عام شہید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد ملک میں ظالمانہ قانون بنا کے بیس کروڑ مسلمانوں کی حیثیت کو مشکوک کر دیا ہے، جس کے بعد تمام ہندوستان میں فساد پھوٹ پڑے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ خون کے آخری قطرے تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جدید اسلحہ سے لیس بھارتی درندوں کیخلاف جس طرح نہتے کشمیری سیسہ پلائی دیوار بن گئے ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، کشمیر کی آزادی کے تمام مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ بہترین انداز میں پیش کیا اور ہندوستان کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جس کے بعد تمام دنیا کو اس مسئلہ کی سنگینی کا اندازہ ہوا اور بھارت جیسی بڑی اکنامک انڈسٹری کیخلاف خلاف لب کشائی ہونے لگی اور اس کے خلاف قراردادیں منظور کی جا رہی ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمسایہ ہونے کی حیثیت سے بھارت سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے کیلئے ہر طرح کی پالیسیاں اختیار کیں لیکن بھارت نے ہمیشہ دھوکہ دیا، بھارت باتوں کا نہیں لاتوں کا بھوت ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کو یہ بتا دیا جائے کہ پاکستانی قوم اور اس کے ادارے مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں اور وہ کشمیر کی آزادی کے علاوہ کسی بات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تمام پارٹیوں کی کانفرنس بلا کر ایسی پالیسیاں اختیار کرنی چاہیے جس سے کشمیر کاز کو تقویت ملے اور دنیا کے سامنے بھارت کا گھناﺅنا اور مکروہ چہرہ اجاگر کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 842610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش