0
Wednesday 26 Feb 2020 07:49

بی جے پی نفرت کی سیاست کرنے میں مصروف ہے، نریش اتم

بی جے پی نفرت کی سیاست کرنے میں مصروف ہے، نریش اتم
اسلام ٹائمز۔ بی جے پی عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے سی اے اے، این پی آر اور این آر سی وغیرہ سیاہ قوانین میں عوام کو الجھائے رکھنا چاہتی ہے۔ مذکورہ قوانین دستور و آئین مخالف ہیں۔ سماج وادی پارٹی پارلیمنٹ سے لیکر سڑک تک اسکی مخالفت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم نے کیا۔ وہ بی ایس پی، کانگریس اور شیو سینا وغیرہ پارٹیاں چھوڑ کر آئے کارکنان کو سماج وادی پارٹی کی رکنیت دلائے جانے کے لئے منعقدہ اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک خطرناک سازش کے تحت پسماندہ طبقات اور درج فہرست ذاتوں کے ریزرویشن کو ختم کر دینا چاہتی ہے۔ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ایوان سے لیکر سڑک تک جس زبان کا استعمال کررہے ہیں ویسی زبان آج تک کسی وزیر نے استعمال نہیں کیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو فریب بتانا یوگی حکومت کی ناقص الفہمی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ سی اے اے مخالف احتجاجی خود مرے ہیں، جبکہ سماج وادی پارٹی اور عوام کہہ رہی ہے کہ وہ لوگ پولیس کی گولی سے مرے ہیں۔ اس دوران اجلاس میں سماج وادی پارٹی کے روایتی نعروں کے ساتھ ساتھ جے بھیم کے نعرے بھی لگائے گئے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بی ایس پی کے بالک رام ساگر، ہری رام گوتم اور کانشی رام سروج سمیت کثیر تعداد میں کارکنان نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔  لیڈران کے استقبال میں منعقد ہونے والے جلسہ میں پارٹیوں کے ہزاروں کارکنان نے باضابطہ طور پر سماج وادی پارٹی کی رکنیت اختیار کرتے ہوئے اکھلیش یادو کی قیادت میں اعتماد کا اظہار کیا۔ اس دوران بی ایس پی چھوڑ کر سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے لوگوں نے جے بھیم اور جے سماجواد کے نعرے لگائے۔
 
کانشی رام سروج نے کہا کہ ابھی تک ہم جے بھیم کا نعرہ لگاتے رہے ہیں مگر اب جے بھیم کا نعرہ لگا کر ہم لوگ سماجواد کی سیاست کریں گے اور سماج کے ہر طبقہ کے لوگوں کی فلاح کے لئے کام کریں گے۔ اس دوران سابق وزیر ریاض احمد نے کہا کہ دوسری پارٹیوں سے سماج وادی پارٹی میں آنے والے لوگوں کو پوری عزت دی جائے گی اور ان کے آنے سے سماج وادی پارٹی کو مزید تقویت و عوامی سطح پر مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں پیلی بھیت، شاہجہانپور کے ایم ایل سی امت یادو رنکو، سابق وزیر ہیم راج ورما، ضلع صدر آنند سنگھ یادو، رکن ضلع پنچایت ریاض خان، رکن ضلع پنچایت اسلم جاوید سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران موجود تھے۔ اجلاس کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر نے حافظ رحمت خان لاء کالج میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوپی کی یوگی آدتیہ حکومت کی ناکامیاں بیان کیں اور کہا کہ اترپردیش میں قانون و انتظام کی صورتحال آزادی کے بعد ابھی تک کے بدترین دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بے روزگاری سے متاثر ہیں اور بی جے پی نفرت کی سیاست کرنے میں مصروف ہے۔
خبر کا کوڈ : 846805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش