1
Saturday 29 Feb 2020 23:18

ادلب کا مسئلہ پیچیدہ ہے، شام-ترکی-ایران سہ فریقی سربراہی اجلاس کی میزبانی کو تیار ہیں، ایران

ادلب کا مسئلہ پیچیدہ ہے، شام-ترکی-ایران سہ فریقی سربراہی اجلاس کی میزبانی کو تیار ہیں، ایران
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے, جس میں انہوں شامی صوبے ادلب میں جاری تازہ بحران کے حل کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ انہوں نے ترک صدر کے ساتھ گفتگو میں ادلب کے بحران کے حل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادلب کا مسئلہ وہاں خطرناک دہشتگردوں کی موجودگی اور شہری جانوں کی حفاظت کی بناء پر انتہائی پیچیدہ ہے، کیونکہ ادلب پر قابض دہشتگردوں کو وہاں سے نکال باہر کرنے کے ساتھ ساتھ بیگناہ شہریوں کی جان کی حفاظت بھی انتہائی اہم ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شامی مسائل کے حل اور آستانہ معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے شام، ترکی اور ایران کے سہ جانبہ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف سطحوں پر شام، ترکی اور ایران کا سہ جانبہ تعاون ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور جیسا کہ قبل ازیں اعلان کیا جا چکا ہے، ایران اپنی میزبانی میں آئندہ سہ فریقی اجلاس بلانے کو تیار ہے۔ ایرانی صدر نے آستانہ معاہدے کو خطے میں امن و امان کی بحالی کے لئے ایک بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آستانہ معاہدے کو کمزور پڑنے نہیں دیا جانا چاہیئے، جبکہ خطے میں تناؤ کا اضافہ قطعی طور پر کسی کے حق میں نہیں، لہذا چاہیئے کہ ہم اپنے مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کریں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں ایران کی میزبانی میں شام، ترکی اور ایران کے سہ فریقی سربراہی اجلاس بلانے کی پیشکش کی اور کہا کہ قبل ازیں شامی سرزمین کی سالمیت، دہشتگردوں کو نکال باہر کئے جانے، شہری جانوں کی حفاظت اور ادلب کے بحران کو جلد از جلد حل کرنے پر حاصل شدہ اصولی اتفاق کی موجودگی میں ادلب میں پیدا ہونے والے تازہ بحران کو بآسانی حل کیا جا سکتا ہے۔

دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردوغان نے شام کے حالات میں ایرانی کردار کو انتہائی موثر قرار دیتے ہوئے سیاسی گفتگو کو ہی ادلب کے جاری بحران کا حل قرار دیا اور اس حوالے سے ایران کی کاوشوں اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید تعاون کا مطالبہ کیا۔ ترک صدر نے آستانہ معاہدے کے ضمن میں ایران، ترکی اور روس کے درمیان طے پانے والی سہ جانبہ مفاہمتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات اچھے نتائج کے حامل ہیں، جنہیں مزید امن و امان کی برقراری کی خاطر جاری رکھا جانا چاہیئے۔ رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ادلب کے بحران کو مزید جاری نہیں رہنا چاہیئے، جبکہ ہم آستانہ معاہدے کے مثبت نتائج کی بقاء پر تشویش کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 847620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش