0
Wednesday 25 Mar 2020 19:06

انسانی جان کا تحفظ مقدس ترین فریضہ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

انسانی جان کا تحفظ مقدس ترین فریضہ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ مقدس ترین فریضہ ہے، حکومت جملہ ترقیاتی فنڈز کا رخ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں مطلوبہ جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کی طرف موڑ دے، نجی لیبارٹریاں انسانیت کے تحفظ اور بقاء کے جذبہ کیساتھ زیرو پرافٹ کیساتھ کورونا ٹیسٹ کی سہولت مہیا کریں، اللہ کی رضا اور انسانیت کی مدد کیلئے خرچ کیا گیا پیسہ رائیگاں نہیں جائے گا، عوام اور ادارے یکجا ہونگے تو وباء کا خاتمہ ہو گا، یہ وقت کسی کی تعریف یا تضحیک کا نہیں انسانیت کے تحفظ اور بقاء کیلئے اخلاص کیساتھ عملی اقدامات کرنے کا ہے، عوام کسی خوف نہیں احساس ذمہ داری کیساتھ خود کو الگ تھلگ رکھیں، خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں، جس دن پوری قوم نے خود کو گھر تک محدود کر لیا اور طبی نقطہ نظر سے فاصلے قائم کر لیے اسی دن کورونا وائرس کا ڈاؤن فال شروع ہو جائیگا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جزوی لاک ڈاؤن سے بھی کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں، لاکھوں خاندان جن کی گزر بسر یومیہ اجرت پر تھی وہ تکلیف دہ صورتحال سے دو چار ہیں اور عوامی زندگی کیلئے مشکلات کھڑی ہو رہی ہیں لیکن انسانی جان کے تحفظ کیلئے اقدامات بروئے کار لانا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو کورونا وائرس کی آزمائش ہے دوسری آزمائش صاحب حیثیت افراد کیلئے بھی ہے کہ وہ اللہ کے دئیے ہوئے مال میں سے مستحقین کی کس طرح مدد کرتے ہیں، ہمسایہ، ہمسائے کی خبر رکھے، صاحب ثروت حضرات عزیز و اقارب، دوست احباب کیساتھ جذبہ ایثار سے کام لیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے اس کیساتھ ساتھ اللہ سے بھی معافی طلب کریں، سچے دل سے مانگی گئی معافی کو اللہ رد نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم قوم کو متحد اور مستعد کرنے کا نادر موقع ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ملک بھر میں سینی ٹائزر لوشن تقسیم کرنے کے جذبہ ایثار پر عہدیداروں، کارکنوں کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شاہدرہ میں ایل پی جی کے ٹرک کو پیش آنے والے حادثہ پر دلی افسوس کا اظہار کیا کہ اللہ نے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔
خبر کا کوڈ : 852431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش