0
Tuesday 31 Mar 2020 21:41

صوبہ جموں میں لاک ڈاؤن کا سختی سے نفاذ

صوبہ جموں میں لاک ڈاؤن کا سختی سے نفاذ
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس سے احتیاطی طور پر نمٹنے کیلئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 21 دنوں تک مکمل لاک ڈاؤن کے 5ویں دن صوبہ جموں کے مختلف اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کو یقینی بنانے کیلئے سختی برتی جارہی ہے جبکہ ہدایت ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی بھی کر رہی ہے تاہم پابندیوں کے ساتھ ساتھ دیہات اور قصبوں میں عوامی مسائل بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ پورے صوبہ کی سڑکیں سنسان ہیں جبکہ کچھ مقامات پر لوگ پیدل سفر بھی کرتے ہیں۔ متعدد دیہات میں جہاں غذائی اجناس کی قلت کی شکایت موصول ہونا شروع ہوچکی ہیں وہیں دستیاب ضروری اشیاء کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے اور زیادہ قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ جموں شہر کے ساتھ ساتھ خطہ چناب، پیر پنچال اور دیگر اضلاع میں جہاں معیاری سبزیوں اور میوہ جات کی شدید قلت ہے، وہاں ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے گھروں میں محصور لوگوں کی دقتوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ صوبہ کے درجنوں دیہات میں لوگوں کو غذائی اجناس کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ہوم ڈیلوری کا ابھی تک کوئی معقول بندوبست نہیں کیا جاسکا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے صوبہ کے قصبوں میں کسی بھی شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے دیہات میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مکینوں نے بتایا کہ دیہات میں قائم دکانوں پر غذائی اجناس مناسب مقدار میں دستیاب نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ان کو قصبوں کا رخ کرنا پڑتا ہے لیکن اب قصبوں میں مکمل پابندی کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ خطہ پیر پنچال میں حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل سٹور کھولنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم کچھ معاملات مثبت آنے کے بعد اب سٹور مالکان نے احتیاطی طور پر ادویات کی دکانیں بھی بند رکھنا شرو ع کر دی ہیں حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے مکینوں کو ادویات خریدنے کیلئے گھروں سے باہر آنے کی اجازت دی جاتی ہے تاہم ٹریفک نہ ہونے کی وجہ سے کئی مریضوں کو ادویات جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ جموں شہر میں انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ غذائی اجناس کو پورا کرنے کیلئے کچھ جگہوں پر چھوٹ بھی دی جارہی ہے البتہ مریضوں کو ادویات جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میڈیکل سٹور کھلے رہتے ہیں۔ اس کے علا وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پولیس نے شکنجہ کستے ہوئے اٹھک بیٹھک کے ساتھ ساتھ لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت جاری کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ سانبہ، کٹھوعہ اور ادہم پور اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عوامی نقل حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ دیگر ریاستوں سے جموں و کشمیر آنے والے لوگوں کی جانچ کیلئے کٹھوعہ میں انتظامیہ متحرک ہے جبکہ مشتبہ افراد کیلئے قرنطینہ مراکز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 853854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش