0
Friday 10 Apr 2020 06:17

سیز فائر کے دعوے کے باوجود جارح سعودی اتحاد کے حملے جاری ہیں، یمن

سیز فائر کے دعوے کے باوجود جارح سعودی اتحاد کے حملے جاری ہیں، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کی طرف سے اطلاع دی گئی ہے کہ یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عارضی جنگ بندی کے سعودی دعوے کے باوجود جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے یمن پر حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ جارح سعودی فورسز نے عارضی جنگ بندی کے اپنے اعلان کے باوجود یمن پر نہ صرف حملے بند نہیں کئے بلکہ مختلف یمنی شہری آبادیوں سمیت متعدد سرحدی علاقوں پر اپنے حملوں میں اضافہ بھی کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حرض، رشاحہ عسیر اور البقع نامی علاقوں پر 5 سے زائد جارحانہ زمینی آپریشنز انجام دیئے ہیں جنہیں وسیع ایئر کور دینے کے لئے یمنی شہری آبادیوں پر لڑاکا جیٹ طیاروں اور آپاچی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دسیوں ہوائی حملے بھی کئے گئے ہیں۔

جنرل یحیی سریع نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کے وسیع زمینی حملوں کے مقابلے میں یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث دشمن زمینی پیشقدمی کرنے کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے لکھا کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی زمینی جارحیت کے بعد یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کی طرف سے کی گئی جوابی کارروائی میں جارح دشمن کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔ جنرل یحیی سریع نے لکھا کہ یمنی فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز یمن کے تمام محاذوں پر جارح سعودی فوجی اتحاد کے بڑھتے زمینی حملوں کا بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

یاد رہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے گزشتہ روز کرونا وائرس سے مقابلے کے باعث یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ میں 2 ہفتوں پر محیط عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جبکہ یمن کی طرف سے سرحدی محاصرے کی موجودگی میں جنگ بندی کے اعلان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا گیا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں سے یمن کا سرحدی محاصرہ سعودی فوجی اتحاد کے حملوں سے کہیں زیادہ تباہ کن اور یمن کے خلاف جارحیت کے مترادف ہے لہذا سرحدی محاصرے کے خاتمے کے بغیر کسی قسم کی جنگ بندی قبول نہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے عربی۔عبری۔غربی فوجی اتحاد کی طرف سے 5 سال قبل یمن پر خوفناک جنگ مسلط کر دی گئی تھی جس کا تباہی و بربادی کے علاوہ تاحال کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں پوری دنیا میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس کے باعث اقوام متحدہ کی طرف سے بھی یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کے فی الفور خاتمے کا متعدد بار مطالبہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 855726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش