0
Saturday 18 Apr 2020 19:02

اگر عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلتے تو آج کراچی میں اتنے کیسز نہ ہوتے وزیراعلیٰ سندھ

اگر عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلتے تو آج کراچی میں اتنے کیسز نہ ہوتے وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے ہماری ابھی تک کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔ ڈاکٹر قیصر سجاد کی سربراہی میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں پی ایم اے کے وفد نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو مختلف تجاویز دیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن 15 دن پہلے کرنا چاہیئے تھا۔ پی ایم اے کے وفد نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مقصد اس بیماری کو کم کرنا ہے، اس دوران اس کی مکمل تیاری کرنی چاہیئے، کورونا وائرس کے مریضوں کو بالکل الگ رکھا جائے، کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر مریض پریشان اور الجھن میں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایم اے کے وفد کو بتایا کہ جب یہ مرض چین میں پھیلا تو ہم نے اجلاس بلایا، 15 مارچ سے پروازیں، ٹرین اور بس سروس بند کروانا چاہتا تھا لیکن اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری ابھی تک کی حکمت عملی کامیاب گئی ہے، ایران سے آنے والوں کو سکھر میں رکھا، 280 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا، ہم نے سب کو آئسولیشن میں رکھا، وائرس پھیلنے نہیں دیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ شاید اپنے فیصلوں میں غلطیاں کی ہوں لیکن ہر فیصلہ عوام کو بچانے کے لئے کیا، مجھ پر کافی تنقید بھی ہو رہی ہے لیکن اس کی پرواہ کئے بغیر اپنے کام پر توجہ دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل ٹرانسمیشن سے وائرس زیادہ پھیلا ہے، زیادہ نقصان اس سے ہوا ہے کہ ہمارے لوگ سماجی دوری اختیار نہیں کر رہے، اگر عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلتے تو آج کراچی میں اتنے کیسز نہ ہوتے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں قوم کو کورونا کی وبا سے نجات دلانے کے لئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر ماہرین کی رہنمائی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 857518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش