0
Monday 27 Apr 2020 23:33

بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا 18ویں ترمیم پر سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق

بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا 18ویں ترمیم پر سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں 18ویں آئینی ترمیم پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں پپیلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتیں 18ویں آئینی ترمیم پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی، ہم نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا، ہم 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کورونا وائرس کی وجہ سے سنگین حالات سے گزر رہا ہے، وفاق آئین سے چھیڑ چھاڑ کے بجائے صوبوں کی مدد کرے۔

ٹیلی فونک رابطے میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم میں ردوبدل کی طاقت نہیں رکھتی اور نہ ہی ترمیم کیلئے اس کے پاس مطلوبہ تعداد ہے، بنیادی طور پر وفاق کو چاہیے کہ وہ صوبوں کو مستحکم کرے، لیکن فیڈریشن ایک طرف صوبائی خودمختاری پر یقین رکھتی اور دوسری طرف ان یونٹس کو مضبوط بھی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان کے حقوق دے کر واپس لینا اور صوبائی خودمختاری ختم کرنے کی کوشش کی گئی، تو نیا بحران پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے چند نکات میں ردوبدل کیلئے مذاکرات کی کوشش کی جائے، تو وہ بھی بے عمل ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 859373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش