0
Tuesday 28 Apr 2020 22:30

وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ اٹھارویں ترمیم پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی، امتیاز شیخ

وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ اٹھارویں ترمیم پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی، امتیاز شیخ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کورونا سے مقابلہ کرنے اور اس مشکل وقت میں صوبوں کی مدد کرنے کے بجائے صوبوں کے ساتھ نئے محاذ کھڑے کر رہی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ نااہل وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں اور خامیوں کا ملبہ اٹھارویں ترمیم پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتی ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے، موجودہ حالات میں جب پوری دنیا عالمی وباء کا مقابلہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی، وہیں تبدیلی سرکار اپنی سیاست کرنے میں مگن ہے، اس وقت ملک کو قومی یکجہتی اور یکسوئی کی شدید ضرورت ہے۔ وزیر توانائی سندھ نے مزید کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم قومی اتفاق رائے سے منظور کی گئی تھی، اٹھارویں آئینی ترمیم سابق صدر آصف علی زرداری کا تاریخی کارنامہ ہے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لاکر اٹھارویں ترمیم منظور کرائی تھی، اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو بااختیار اور صوبوں کو خودمختاری دی گئی، وفاقی حکومت سے پارلیمنٹ کی بالادستی اور صوبوں کی خودمختاری ہضم نہیں ہورہی، پیپلز پارٹی سمیت تمام جمہوری قوتیں اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی پر مفاہمت نہیں کریں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آئینی ترامیم میں تبدیلی کے لئے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے، پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 859576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش