0
Friday 1 May 2020 16:09
ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر، 10جاں بحق

کورونا کے مزید 992 کیس رپورٹ، متاثرین کی تعداد 16817 ہو گئی، 385 لقمہ اجل

پشاور کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال شدید طریقے سے کورونا کا شکار
کورونا کے مزید 992 کیس رپورٹ، متاثرین کی تعداد 16817 ہو گئی، 385 لقمہ اجل
اسلام ٹائمز۔ ملک میں کورونا کے مزید 990 کیس سامنے آ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار 817 ہو گئی اور 385 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 ہزار 971 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 990 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 6340، سندھ میں 6053، خیبر پختونخوا میں 2627، گلگت بلتستان میں 339، بلوچستان میں 1049، اسلام آباد میں 343 جب کہ آزاد کشمیر میں 66 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ملک میں کورونا کے 4105 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 24 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 385 ہو گئی۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج پر مامور فرنٹ لائن پر موجود ہیلتھ پروفیشنلز بھی اس خطرناک مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔

ملک بھر میں ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 10 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سب سے زیادہ سندھ میں 3 ڈاکٹرز، گلگت بلتستان 2، پنجاب 2، بلوچستان، اسلام آباد، اور خیبر پختونخوا میں بالترتیب ایک ایک ڈاکٹر فرائض کی آدائیگی کے دوران جاں بحق ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے اعدادو شمار کے مطابق متاثر ہونے والے ہیلتھ پروفیشنلز سے یہ وائرس ان سے رابطے میں رہنے والوں میں بھی منتقل ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  اسلام آباد میں وائرس کا نشانہ بننے والے ہیلتھ  پروفیشنلز میں 18 ڈاکٹرز 10 نرسز اور 13 دیگر شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسلام آباد میں متاثرہ 41 ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز اسلام آباد کے اسپتالوں میں تعینات تھے، جن سے رابطے میں رہنے والے 180 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے اور انہیں فوری طور پر قرنطینہ کیا گیا ہے اور ان کی جانچ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے ہیں۔ ان نمونوں میں سے 172 افراد کے نمونوں کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے 10 افراد میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ  مثبت آیا ہے جبکہ 8 نمونوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ 34 ہیلتھ وکرز ایسے ہیں جو اپنے گھروں یا دیگر جگہوں پر آئیسولیٹ ہیں۔ دو ہیلتھ  پروفیشنلز اسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 4 ہیلتھ پروفیشنلز کی صحت بہتر ہونے کے بعد انہیں اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے کہ جبکہ ایک ہیلتھ ورکر جاں بحق بھی ہوا ہے۔ وزارت قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق مہلک وبا سے ابتک 216 ڈاکٹرز متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح 67 نرسسز اور161 طبی عملہ کے اراکین بھی کوروناکا شکار ہوئے ہیں۔ طبی عملے میں سب سے زیادہ اڑتیس افراد خیبرپختونخوا میں جبکہ سندھ میں33، پنجاب 23، بلوچستان 35، گلگت بلتستان 16، اسلام آباد میں تیرہ اور آزاد کشمیر میں تین افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا محکمہ صحت نے طبی عملے کے تیزی سےکورونا وائرس کے شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک ایک سو تین ہیلتھ ورکرز میں وبائی مرض کی تشخیص ہو چکی ہے۔ پشاور کے تین بڑے اسپتالوں کا صحت عملہ بھی کورونا کا شکار ہے۔

اسٹاف کے 24 کیسز کے ساتھ لیڈی ریڈنگ اسپتال سب زیادہ سے متاثر ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے متاثر طبی عملے کی تعداد 14 اور خیبر ٹیچنگ میں 15 ہو گئی ہے۔ طبی عملے کے 583 کلوز کانٹیکٹ افراد کی نشاندہی پر 407 افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا، جن میں 45 مثبت آئے محکمہ صحت رپورٹ کے مطابق اب تک 20 صحت اہلکار صحت یاب ہو چکے ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ڈاکٹر جاوید کورونا کے خلاف زندگی کی بازی ہار گئے ہیں دوسری جانب پشاور سے اب تک نجی چینلز کے تین صحافیوں بھی کورونا پازیٹیو آ چکے ہیں۔ کورونا وائرس کا جلد خاتمہ ممکن نہیں، اس کی دوسری اور تیسری لہر بھی آ سکتی ہے۔ برطانوی ڈاکٹوں کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی خبردار کر دیا۔ ڈبلیو ایچ او یورپ کے سربراہ ڈاکٹر ہینس کلوگ نے کہا ہے کہ دنیا ابھی کورونا سے نجات سے بہت دور ہے۔ جب تک ویکسین تیار نہیں ہو جاتی، اس وبا کا خاتمہ ممکن نہیں oy. ڈاکٹر ہینس کلوگ نے کہا کہ یورپ میں کورونا کیسز میں کمی کے باوجود پورا خطہ اب بھی شدید خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے ثابت کیا ہے کہ انسانی صحت کسی بھی چیز سے زیادہ قیمتی ہے۔ صحت ہے تو ہی ملکی معیشت بھی بہتر ہو گی اور ملکی سلامتی بھی۔ پوری دنیا کو اب سب سے زیادہ صحت کے شعبے پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 860093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش