0
Saturday 9 May 2020 05:05

نواسہ رسول امام حسن (ع) کی سیرت استعمار کیخلاف وحدت و بیداری کا درس دیتی ہے، مولانا امین انصاری

نواسہ رسول امام حسن (ع) کی سیرت استعمار کیخلاف وحدت و بیداری کا درس دیتی ہے، مولانا امین انصاری
اسلام ٹائمز۔  متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر نواسہ رسول، شبیہ رسول، ابن بتول، پیکر دیانت و شرافت سیدنا امام حسن ابن علی (ع) کے یوم ولادت کے موقع پر سرپرست مولانا جعفر الحسن تھانوی کی زیر صدارت منعقدہ سیمینار میں شریک مہمان خصوصی مرکزی نائب صدر علامہ علی کرار نقوی، علامہ عبد الخالق فریدی، علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مفتی محمد بخاری، حافظ گل نواز و دیگر مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران باہمی تنازعات کے خاتمے کیلئے امام حسن (ع) جیسی صلح کو مشعل راہ بنائیں، استعماری قوتیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے مسلمانوں کو باہمی جنگ و جدال میں ڈال کر کمزور، منتشر اور اپنا محکوم بنا نا چاہتے ہیں، سیدنا امام حسن (ع) کی سیرت و کردار امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، نواسہ رسول سیدنا امام حسن (ع) کی ذات اقدس امت مسلمہ کیلئے یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کا درس دیتی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ امام حسن (ع) کی شخصیت بحیثیت خلیفہ یا مجاہد ہر لحاظ سے مشعل راہ ہے، آپ نے اپنے مختصر ترین دور خلافت میں نا مساعد حالات کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، آپ (ع) دوست دشمن کو اچھی طرح پہچانتے تھے، جس کا اظہار آپ کے خطبات میں بھی ہوتا ہے، رسول اکرم (ص) نے فرمایا تھا میرا بیٹا امت کے دو گروہوں میں صلح کرائے گا، چنانچہ آپ (ع) نے 41 ہجری کو مسند خلافت سے دستبرداری اختیار کرکے امیر معاویہ سے صلح کرلی اور ایک بار پھر عالم اسلام وسعت پانے لگا، بحیثیت مجاہد آپ نے عہد عثمان غنی میں بھی مختصر معرکوں میں شرکت کی، اہل بیت اطہار (ع) و اصحاب رسول کی حرمت پر جان قربان کرنے والوں کا آپس میں کوئی اختلاف نہیں، یزیدی قوتوں کے خلاف سب متحد و بیدار ہیں، غرباء مساکین اور بھوکوں کو کھانا کھلانے والوں نے مدینہ منورہ میں سیدنا امام حسن (ع) کی تاریخی دسترخواں کی مثال کو زندہ کرکے حب اہل بیت (ع) کا ثبوت دیا ہے، امام حسن (ع) کی سیرت امن و وحدت اور بیداری کا درس دیتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 861524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش