0
Tuesday 12 May 2020 02:13

پی ٹی آئی رہنما ایک بار پھر لسانیت کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

پی ٹی آئی رہنما ایک بار پھر لسانیت کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ عالمی وباء کورونا وائرس کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات پر ترجمان سندھ حکومت و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت پر الزام لگایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہمارے فیصلے ضرورت سے زیادہ ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر کہتا ہے کہ کورونا وائرس ایک معمولی  فلو ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما الزام لگاتے ہیں کہ کورونا پازیٹو کی تعداد غلط بتائی جارہی ہے، شاید یہ لوگ لاعلم ہیں کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 198 افراد انتقال کرچکے ہیں، اتنی اموات کے بعد بھی پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں کہ پریشان ہونے کی بات نہیں ہے، یہ بات ذرا ان متاثرہ افراد سے جاکر پوچھیں جن کے پیارے اس وباء کا شکار ہوکر جہان فانی سے کوچ کرگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الزام لگایا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کے فیصلے کراچی دشمنی پر مبنی ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 14 اپریل کو لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے تاحال 68 افراد آئی سی یو بیڈز پر ہیں، آئی سی یو بیڈز پر موجود ان مریضوں میں سے 62 کا تعلق کراچی سے ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ایک بار پھر لسانیت کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں اور محض پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، خدارا اس مشکل گھڑی میں پی ٹی آئی والے ہوش کے ناخن لیں اور ہر معاملے پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاست کے لئے وقت پڑا ہے، اس وقت تو عوام کی جانوں کو بچانے کی تدبیر کریں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اگر آپ ہماری مدد نہیں کرسکتے تو کم از کم عوام کو گمراہ بھی نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 862094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش