0
Friday 15 May 2020 15:41

لیڈی ریڈنگ ہسپتال، ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 77 افراد کرونا کا شکار

لیڈی ریڈنگ ہسپتال، ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 77 افراد کرونا کا شکار
اسلام ٹائمز۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے 77 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کی انتظامیہ نے محکمہ صحت سے روزانہ کی بنیاد پر 830 پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹس (پی پی ای) کٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طبی عملہ کرونا وائرس کے شدید خطرات سے دوچار ہے، ہسپتال میں روزانہ 65 ایمرجنسی سرجریز کی جاتی ہیں۔ مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ پی پی ایز سمیت دیگر حفاظتی سامان فراہم نہ کیا گیا تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وباء قرار دیئے جانے والے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 218 ہوگئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے سبب 803 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ 10 ہزار 155 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وباء کو شکست بھی دی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 13 ہزار 914 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 99 ہے۔ کرونا کے صوبہ خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 423، بلوچستان میں 2 ہزار 310، آزاد کشمیر میں 105 اور گلگت بلتستان میں 501 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 866 تک جا پہنچی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ 284 اموات ہوئی ہیں، جبکہ سندھ میں 243، پنجاب میں 234، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔ آزاد کشمیر میں بھی کرونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 862847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش