0
Saturday 16 May 2020 20:37

چین اور امریکا کی مستحکم ترقی دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہے، چینی وزارت خارجہ

چین اور امریکا کی مستحکم ترقی دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہے، چینی وزارت خارجہ
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دوطرفہ تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی کے بعد چین نے امریکا پر زور دیا کہ وہ دوطرفہ امور پر بات چیت کرے اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں تعاون کو مضبوط بنائے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ چین اور امریکا کی مستحکم ترقی دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہے اور یہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال، چین اور امریکا کو اس وبا کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے، وبا کو جلد سے جلد شکست دینے، مریضوں کا علاج کرنے اور معیشت اور پیداوار کو بحال کرنے پر زور دینا چاہیے لیکن اس کے لیے واشنگٹن کو بیجنگ سے ملاقات کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے چین کے خلاف بیانات میں سخت رویہ اختیار کیا گیا اور امریکی صدر نے کہا کہ بہت ساری چیزیں ہم کر سکتے ہیں، پورے تعلقات کو منقطع کرسکتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’اگر تعلق منقطع کردیا تو 500 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چینی صدر کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں لیکن ابھی میں ان سے بات نہیں کرنا چاہتا۔ واضح رہے کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ چین نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پیمانے کو چھپا کر رکھا اور اس کے لیے کیسز اور اموات کی مجموعی تعداد پوری طرح ظاہر نہیں کی۔ علاوہ ازیں امریکی صدر بھی متعدد مرتبہ کورونا وائرس کے تناظر میں چین پر الزامات لگا چکے ہیں۔ جس کے بعد چین نے امریکی انٹیلی جنس کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا تھا کہ بیجنگ کی جانب سے کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے معلومات کو چھپایا گیا۔ چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ صحت کے معاملے پر سیاست کرنا چھوڑ دے اور اس کے بجائے اپنے لوگوں کی حفاظت پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ امریکی حکام لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، درحقیقت ہم ان کے ساتھ اس بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتے، مگر ہمیں لگتا ہے کہ اس حوالے وضاحت ضروری اور سچ سامنے آنا چاہیے۔ انہوں نے امریکی ردعمل کی رفتار پر سوال کیا تھا جب امریکا نے 2 فروری کو چین سے لوگوں کی آمد پر پابندی عائد کردی تھی، کیا کوئی مجھے بتاسکتا ہے کہ امریکا نے ان دو مہینوں میں کیا کچھ کیا؟۔
خبر کا کوڈ : 863036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش