0
Friday 22 May 2020 11:36

خیبر پختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا اور لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں اس بار عید الفطر سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنر ہاؤس اور وزیراعلٰی ہاؤس میں عید ملن کی کوئی تقریب نہیں ہوگی، جبکہ تمام وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی، پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی اس سلسلہ میں خصوصی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلٰی محمود خان احتیاطی تدابیر کے طور پر خود بھی کسی سے عید نہیں ملیں گے، جبکہ دیگر حکومتی زعماء کو بھی اس حوالہ سے خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ بھی اپنے حجروں میں عید ملنے سے گریز کریں۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلٰی محمود خان نے کیا ہے جس کا مقصد حکومتی احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کو ممکن بنانا ہے۔ وزیراعلٰی کے مطابق حکومتی زعماء کو اس سلسلہ میں خود مثال بننا ہوگا کیونکہ کورونا سے لاحق خطرات ابھی کم نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں جلد ہی باضابطہ طور پر ایک سرکلر کے ذریعہ تمام وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور اراکین اسمبلی کو سرکلر جاری کیا جارہا ہے جس میں ان کو تاکید کی جائے گی کہ حکومتی احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ مہم کو کامیاب بنانے کہلئے اس بار عید سادگی سے منائیں اور حجروں میں عید ملنے سے گریز کریں۔ اس حوالہ سے رابطہ پر وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ حکومت کیلئے عوام کی صحت اور زندگی سب سے زیادہ مقدم ہے، عید سادگی سے منانے کا مقصد انسداد کورونا مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سادگی سے عید منائیں گے اور تمام حکومتی زعماء کو بھی اس حوالہ سے ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بہت ضروری ہے اس سلسلہ میں بے احتیاطی سے مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 864177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش