0
Friday 5 Jun 2020 16:03

کراچی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم دہشتگرد کمانڈر گرفتار

کراچی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم دہشتگرد کمانڈر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پولیس اور سیاسی رہنماؤں پر حملوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد جان عالم کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار طالبان دیشتگرد جان عالم کئی برس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا، دہشتگرد نے افغانستان میں تربیت حاصل کی اور پریشر ککر بم، ٹینس بال بم اور موٹر سائیکل بم بنانے کا ماہر ہے، جان عالم کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ملا فضل اللہ گروپ کے کمانڈر شیر بہادر کی ہلاکت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا، ملزم کے 3 دوسرے ساتھیوں کے نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں بھی شامل ہیں۔ گرفتار دہشتگرد نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں اور بھتہ خوری کا بھی اعتراف کیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد نے فرنٹیئر کالونی میں کرائے کی جگہ لے رکھی تھی، جہاں دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور بارودی مواد سے بم تیار کیے جاتے تھے، ضلع غربی کے علاقوں میں زیادہ سرگرم رہا ہے۔

گرفتار دہشتگر جان عالم نے 2013ء میں مومن آباد تھانے کے قریب امام بارگاہ عزا خانہ کوثر پر دو بم دھماکے کیے تھے، جبکہ مومن آباد تھانے پر 2016ء میں ہینڈ گرنیڈ سے حملے میں بھی ملوث رہا ہے، 2013ء میں عائشہ منزل کے قریب موٹر سائیکل بم دھماکہ کیا، اس کے علاوہ انسپکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملے میں بھی ملوث رہا ہے، گرفتار دہشتگرد نے ڈی ایس پی بہاءالدین بابر پر بھی حملہ کیا تھا، جس میں وہ شہید ہوگئے تھے۔ دہشتگرد نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء بشیر جان پر بم دھماکے کے ذریعے حملہ کیا، جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے، اس کے علاوہ پیرآباد، سائٹ ایریا اور دیگر علاقوں میں پولیس اہلکاروں اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کے متعدد قتل میں بھی ملوث رہا ہے، 2014ء میں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن امیر سردار کی قبر پر پریشر ککر کے ذریعے بم دھماکہ بھی کیا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد جان عالم کے قبضے سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔
خبر کا کوڈ : 866734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش