1
Friday 12 Jun 2020 23:51

سکھر، اصغریہ تحریک کے زیر اہتمام امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

سکھر، اصغریہ تحریک کے زیر اہتمام امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان سکھر ڈویژن کے زیر اہتمام بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے مدرسہ جامعہ مصباح الھدیٰ، صالح پٹ ضلع سکھر میں عظیم الشان سیمینار منعقد کیا گیا، جس کی صدارت اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا نے، جبکہ خصوصی خطاب مولانا علی داد بھنبھرو، محمد عالم ساجدی، میر خان حیدری، مرکزی رہنما قمر عباس غدیری نے کیا۔ سیمینار میں ڈویژنل صدر تراب علی طاہری، فرحت علی فردوسی، بیگ علی جعفری، منصور علی و دیگر رہنماؤں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، کورونا وائرس کی وجہ سے سیمینار مکمل طور پر حکومتی ایس او پیز کے تحت منعقد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علی داد بھنبرو نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ ایک ایسے عظیم انقلاب کے موجد و بانی تھے، جس نے شہنشاہوں کے 2500 سالہ اقتدار کا یکسر خاتمہ کیا، امام خمینیؒ نے اپنی بے لوث و پُرخلوص قیادت کے بل پر امریکا، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے اثرورسوخ کو ختم کرکے اسلامی معاشرے کو پاک و صاف کرانے کی جدوجہد آخری دم تک جاری رکھی۔

محمد عالم ساجدی، قمر عباس غدیری و دیگر مقررین نے کہا کہ  امام خمینیؒ کو ابتداء ہی سے اس بات کا احساس تھا کہ دنیا کے ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کی نمائندگی کرنے، دو عالمی طاقتوں کے سیاسی و نظریاتی حملوں کا مقابلہ کرنے اور اسلامی مقاصد کے دفاع و تحفظ کیلئے ایرانی جیالوں کو صف اوّل میں کھڑا ہونا ہے۔ مقررین نے کہا کہ دنیا والوں پر یہ حقیقت آشکار ہوگئی کہ امام خمینیؒ کی بے لوث اور بروقت رہنمائی میں امت نے تمام رکیک حملوں کا مقابلہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ اُس وقت اسلامی دنیا امام خمینیؒ کے بوئے ہوئے تحریکی پودے کو تناور درخت کی صورت میں دیکھ رہی ہے، بلاشبہ امام خمینیؒ کا انقلابی مشن اور ان کا لازوال پیغام آئندہ نسلوں کیلئے بھی مفید اور تعمیری ثابت ہوگا، کیونکہ امام انقلاب نے آج کے انسان کو یہ سبق دیا ہے کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی قوتوں کے سامنے جھکنا ذلت و رسوائی کے مترادف ہوگا۔

مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا نے صدارتی خطاب میں امام خمینیؒ کی وصیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کے غیور عوام سے امام خمینیؒ کی وصیت ہے کہ آپ اس انتظار میں نہ رہیں کہ کوئی باہر سے آ کر اسلامی احکامات کے مفاد کے سلسلے میں آپ کے مقاصد میں کسی طرح کی مدد کرے، آپ خود اس حیات بخش عمل کیلئے، جو آزادی کو اپنے ہمراہ لاتا ہے، اقدام کریں، اسلامی ممالک کے علماء و خطباء کرام کا فریضہ ہے کہ وہ حکومتوں کی بڑی طاقتوں کی غلامی سے آزاد ہونے اور اپنی قوم سے مفاہمت کرنے کی دعوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے زمانے کو بتا دیا کہ کس طرح سے خدائے برتر و بزرگ پر بھروسہ کرکے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت سے ٹکرایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 868216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش