0
Wednesday 17 Jun 2020 23:00

صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف اور شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات کا طارق عزیز کی وفات پر اظہار افسوس

صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف اور شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات کا طارق عزیز کی وفات پر اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ معروف میڈیا پرسن طارق عزیز کی وفات پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ طارق عزیز کے انتقال سے ایک باب بند ہوگیا، مجھے ان کے نیلام گھر کا آغاز یاد رہے گا، دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام۔ وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنے وقت کی ایک نامور شخصیت تھے اور ہمارے ٹی وی شوز کے بانی تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے گئے گئے ایک ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھی طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کی پاکستان کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے، آمین۔

علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء نے طارق عزیز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ علم و ادب سے محبت رکھنے والے ممتاز فنکار اور پروگرام نیلام گھر کے نامور میزبان طارق عزیز نے ریڈیو اور ٹی وی کے ہر میڈیم پر اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ان کے ایمان کا حصہ تھا اور وہ وطن کی پہچان اور پرجوش آواز تھے، اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فرار نے معروف میزبان، براڈ کاسٹر اور اینکر طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طارق عزیز نے دہائیوں تک پی ٹی وی کے ذریعے پاکستان کے عوام کو تعلیم اور انٹرٹینمنٹ فراہم کی۔ نجی چینل اے آر وائے پر طارق عزیز کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے معروف اداکار جاوید شیخ نے ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ علاوہ ازیں معروف اداکار بہروز سبزواری نے طارق عزیز کو اپنے اساتذہ میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ان کو پی ٹی وی کی پہلی اناؤنسمنٹ کا اعزاز حاصل تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طارق عزیز کی شخصیت بہت ہمہ جہت تھی اور ان کا کوئی متبادل نہیں، ان کی وفات سے بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا۔ بہروز سبزواری نے بھی ان کے بلند درجات اور مغفرت کی دعا کی اور کہا کہ ایک سفر کے دوران وہ ان کے ہمراہ تھے، جب انہوں نے بہت سی آیات ترجمے کے ساتھ بتائیں۔

نجی ٹی وی اے آر وائے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار غلام محی الدین نے کہا کہ طارق عزیز اپنی مثال آپ تھے، پوری انڈسٹری میں کوئی بھی ان جیسا نہیں اور جو اعزازات انہیں ملے، وہ کسی کے حصے میں نہیں آئے۔ غلام محی الدین نے کہا کہ طارق عزیز کے پروگرامز میں ان کا ادبی ذوق جھلکتا تھا اور انہیں 2 ہزار کے قریب اشعار یاد تھے۔ معروف ادیب مستنصر حسین تارڑ نے کہا کہ طارق عزیز ٹیلی ویژن پر دبستان کی حیثیت رکھتے تھے، وہ شاعری بھی بہت عمدہ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خوبی پاکستان سے محبت کرنا ہے، وہ دوسروں کی طرح نعرے نہیں لگاتے تھے بلکہ وطن کی محبت ان کے اندر سے کونپل کی طرح پھوٹتی تھی۔
خبر کا کوڈ : 869248
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش