0
Monday 22 Jun 2020 00:30

اگر ہمارے مطالبات غیر آئینی ہیں تو ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں، اختر مینگل

حکمرانوں کو اپنی ناکامی تسلیم کرکے فوری مستعفی ہو جانا چاہیئے، مولانا فضل الرحمان
اگر ہمارے مطالبات غیر آئینی ہیں تو ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں، اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سے ناراض ہونے والے اتحادی بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل سخت حکومتی حریف مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ اختر مینگل نے اپنے مطالبات سے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا، جبکہ آئندہ کی مشترکہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں رکھ سکتے، لیکن یہ سچ ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ نزدیکیاں بڑھ رہی ہیں، بات چیت چل رہی ہے، جس دن ہم اپوزیشن میں آگئے تو اپوزیشن کو صحیح اپوزیشن کرکے چلائیں گے۔ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ریاست، ریاستی ادارے اور حکومت دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیں کہ ہمارے مطالبات جائز نہیں، اگر ہمارے مطالبات غیر آئینی ہیں تو ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں، یا پیرو مرشد کی درگاہ پر جائیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بی این پی کے فیصلے نے امید کی کرن پیدا کی ہے اور یہ فیصلہ دیگر اتحادی جماعتوں کے لیے بھی قابل تقلید ہے، انہیں بھی اب بے باک انداز میں کلمہ حق کہہ دینا چاہیئے، ضمیر کے خلاف کسی کی پیروکاری کرنا عزت رکھنے والے پاکستانی کی شایان شان نہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ معاشی لحاظ سے جب آپ کا بجٹ منفی ہو جائے تو اس سے حکومت کی مقبولیت بھی منفی ہو جاتی ہے، جعلی وزیراعظم کو اس بات کا اندازہ نہیں کہ ان کی اپنی مقبولیت بھی منفی ہوچکی ہے، ایسے مقبول لوگ پہلے بھی عوامی حمایت کے حامل نہیں تھے، کارکردگی کی بنیاد پر موجودہ حکمرانوں کی مقبولیت زمین بوس ہوگئی ہے، حکمرانوں کو اب مزید مسلط ہونے کا حق نہیں، انہیں اپنی ناکامی تسلیم کرکے فوری مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 870016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش