0
Monday 22 Jun 2020 22:08

چاہتے ہیں کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو، شفقت محمود

چاہتے ہیں کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو، شفقت محمود
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پہ غور و خوص شروع کردیا ہے۔ اس ضمن میں تمام صوبوں کے مدارس اور نجی تعلیمی اداروں سے تجاویز بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسکولوں کو کھولنے سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ اسکولوں کو کھولنے سے متعلق امور پر وزارت صحت کے ساتھ بھی اہم میٹنگ رکھی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسکولوں کو کھولنے کا جائزہ لینے کے دوران این سی او سی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کو بھی پیش نظر رکھ رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر شفقت محمود نے واضح طور پر کہا کہ حکومت پاکستان کی حکمت عملی پر یونیسیف سے بھی مشاورت جاری ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو۔ وفاقی وزیرشفقت محمود نے دعویٰ کیا کہ کیے جانے والے سروے کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پر 70 فیصد والدین نے بچوں کو اسکولوں میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں کہا کہ اس حوالے سے روڈ میپ تیار ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لے کر باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے لائحہ عمل بتاؤں گا۔ آن لائن تعلیم کے لیے انٹرنیٹ کوریج کو بہتر کرنے کی خاطر بھی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ٹی اے ، ایچ ای سی اور یو ایس ایف سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ تعلیم کے مستقبل کے لیے پورے ملک میں انٹرنیٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 870219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش