0
Tuesday 23 Jun 2020 10:01
منی لانڈرنگ کیس

آصف زرداری پر 7 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

آصف زرداری پر 7 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، اومنی گروپ کے چیئرمین خواجہ انور مجید، حسین لوائی پر 7 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ریفرنس جعلی اکاؤنٹس کیس کی کڑی ہے۔ احستاب عدالت کے جج محمد اعظم خان کے جاری کردہ حکم کے مطابق کووِڈ 19 کے باعث درپیش صورتحال کی وجہ سے فرد جرم کے لیے ملزمان کی موجودگی اسکائپ یا ویڈیو لنک سہولت کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ڈسٹرک جیل ملیر میں قید ملزم خواجہ انور مجید اور راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عدالتی حراست میں موجود حسین لوائی، طحہٰ رضا اور محمد عمیر عدالت کی کارروائی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہو سکتے ہیں۔ تاہم عدالت نے دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد ہوتے وقت عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔

عدالت نے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی سے قومی اداہ برائے امراض قلب کراچی میں زیرعلاج ملزم خواجہ انور مجید کی شناخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے قومی احتساب بیورو کراچی کو ہدایت کی کہ انور مجید کی حاضری کے لیے ویڈیو لنک سہولت پیش کی جائے۔ خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسٹیٹ بینک سرکل نے 6 جولائی 2018ء کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419، 420، 468، 471، 109، انسداد بد عنوانی ایکٹ 1947 کے سیکشن 5 کی شق 2 اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں الزام تھا جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے اور نکالنے کے ذریعے بھاری رقم لانڈر کی گئی۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث کمپنیوں کے نام ایف آئی آر میں شامل تھے جن پر 4 ارب 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کے دھوکے کا الزام ہے۔ دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری پر 26 جون کو  پارک لین کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 870288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش