0
Tuesday 23 Jun 2020 19:54

امریکہ کی پاکستانی تعلیمی اداروں میں مداخلت بڑھنے لگی، وہاڑی میں بھی سنٹر قائم

امریکہ کی پاکستانی تعلیمی اداروں میں مداخلت بڑھنے لگی، وہاڑی میں بھی سنٹر قائم
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کی پاکستان کی تعلیمی اداروں میں مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اب اس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور امریکہ نے پنجاب کے پسماندہ علاقے وہاڑی میں ایجوکیشن یونیورسٹی کے کیمپس میں ’’لنکن چیئر‘‘ قائم کر دی ہے۔ امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے شراکت کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر قونصل جنرل راڈریگز نے کہا یہ لنکن کارنر اس علاقے کی آبادی سے رابطے کا ذریعہ ہوگا اور امریکہ اور اس علاقے کے عوام کے مابین بات چیت کا پلیٹ فارم بن سکے گا۔ یونیورسٹی اور ہائی سکولوں کے طلبہ اور علاقے کے شہری لنکن کارنر کے ذریعے تبادلہ خیال کر سکیں گے اور دنیا بھر میں ہونیوالے پروگراموں میں شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے اس شراکت داری میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وہاڑی کیمپس کی لائبریری میں قائم ہونیوالے لنکن کارنر کیلئے قونصلیٹ جنرل لاہور کے ساتھ شراکت نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کیلئے بلکہ عام شہریوں کیلئے بھی سہولیات میسر ہوں گی۔ وہاڑی میں لنکن کارنر کے افتتاح کے بعد پاکستان میں لنکن کارنرز کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ امریکی قونصلیٹ کی زیرنگرانی لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان میں لنکن کارنرز پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔ لنکن کارنرز پاکستان کی یونیورسٹیوں، پبلک لائبریریوں اور دیگر اداروں میں قائم ہیں۔ لنکن کارنرز میں آنے والوں کیلئے فری وائی فائی اور امریکہ کے بارے میں کتابوں، میگزینز، ویڈیوز، انٹرنیٹ ڈیٹا بیس اور پروگراموں کے ذریعے اطلاعات کے نام پر امریکہ کے مفادات کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔ اس میں سب سے موثر ذریعہ بہترین پاکستانی اذہان کو ٹریس کرنا اور امریکہ بھجوانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 870436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش