0
Monday 29 Jun 2020 18:48

کراچی کے بعد لاہور سمیت 3 بڑے شہروں میں دہشتگردی کا خدشہ، سکیورٹی سخت

کراچی کے بعد لاہور سمیت 3 بڑے شہروں میں دہشتگردی کا خدشہ، سکیورٹی سخت
اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی اداروں اور محکمہ داخلہ پنجاب نے رپورٹ دی ہے کہ کراچی کی طرز پر لاہور سمیت پنجاب کے تین بڑے شہروں میں دہشتگردی کے واقعات ہو سکتے ہیں اور ان شہروں میں دہشتگردوں کی موجودگی کے بارے اہم معلومات ملی ہیں، جس پر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سٹاک ایکسچینج سمیت گورنر ہاؤس، پنجاب اسمبلی، عدالتوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور رینجرز کی خدمات حاصل کر لی گئی، جبکہ کمانڈوز سمیت ایلیٹ فورس کو سکیورٹی کیلئے ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور وزیراعظم امداد رقوم کے ریلیف سنٹروں پر بھی اجتماعات سے روک دیا گیا ہے اور سکیورٹی حساس اداروں کے سپرد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں دہشتگردی کے ممکنہ واقعات کے پیش نظر داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور سیف سٹی کے کیمروں سمیت سکیورٹی کیمروں کی درستگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جس میں اہم مقامات پر کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کیساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ ہائوس اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت آئی جی پولیس کے دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور اہم مقامات پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان اور ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں واقعہ کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے اہم شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی کیلئے ایس او پیز تیار کر کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 871563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش