0
Friday 3 Jul 2020 21:49

قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل

قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل کردیا۔ پیمرا سے جاری بیان کے مطابق سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی جاری شدہ لائسنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کی مجاز تھی، تاہم اس نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر 24 نیوز کے نام سے نیوز اور حالات حاضرہ پر مبنی مواد نشر کر رہی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ کمپنی نے بارہا منع کرنے اور متعدد نوٹسز کے باوجود غیر قانونی طور پر نیوز اور حالات حاضرہ سے متعلق پروگرامز کی نشریات جاری رکھی۔ پیمرا نے کہا کہ اس کی جانب سے سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی کو 7 مئی 2020 کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے تحت کمپنی کو نیوز و کرنٹ افیئرز مواد کو فوری بند کرنے اور منظور شدہ انٹرٹینمنٹ مواد نشر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

تاہم کئی مواقع فراہم کرنے کے باوجود چینل انتظامیہ پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔ بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کو جاری لائسنس اس وقت تک معطل کیا جارہا ہے جب تک وہ اپنی نشریات منظور شدہ پروگرامنگ مکس کے مطابق چلانے کی یقین دہانی نہیں کراتی۔ دوسری جانب چینل 24 نیوز نے لائسنس معطلی کو آزادی صحافت پر وار قرار دیتے ہوئے کہا کہ لائسنس کی کیٹگری پر اعتراض کے حوالے سے چینل کے موقف کو نظر انداز کر کے یکطرفہ کارروائی کی گئی۔ چینل انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پیمرا نے لائسنس معطلی کا اختیار نہ ہونے کے باوجود معطلی کا حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ رواں سال 7 مئی کو پیمرا نے تنبیہ کے باوجود غیرقانونی نیوز و کرنٹ افیئرز پروگرام نشر کرنے پر نیو ٹی وی کے لائسنس کو فی الفور معطل کردیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 872315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش