1
Tuesday 7 Jul 2020 20:53

عراق، سیاسی و سلامتی موضوعات کے معروف تجزیہ نگار و لکھاری "ہشام الہاشمی" کو شہید کر دیا گیا

عراق، سیاسی و سلامتی موضوعات کے معروف تجزیہ نگار و لکھاری "ہشام الہاشمی" کو شہید کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ عراقی دارالحکومت بغداد میں نامعلوم مسلح افراد نے معروف سیاسی و سکیورٹی تجزیہ نگار ہشام الہاشمی کو شہید کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب عراقی وزارت داخلہ کے شعبہ اطلاعات عامہ کے ڈائریکٹر میجر جنرل سعد معن نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں اطلاع دی تھی کہ متعدد کتابوں کے لکھاری اور معروف عراقی تجزیہ نگار ہشام الہاشمی کو نامعلوم مسلح افراد کے ایک حملے میں شہید کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہشام الہاشمی بغداد کے علاقے زیونہ میں مسلح افراد کے حملے کا نشانہ بنے جنہیں عوام کی جانب سے فوری طور پر ابن النفیس ہسپتال پہنچا دیا گیا تاہم وہ سر اور پیٹ لگنے والی متعدد گولیوں کے باعث دم توڑ گئے۔

عراقی وزارت داخلہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ عراق کے 47 سالہ معروف تجزیہ نگار و سیاسی و سکیورٹی موضوعات پر متعدد کتابوں کے مصنف ہشام الہاشمی کو سائلنسر سے لیس اسلحے کے ساتھ شہید کیا گیا جبکہ ان کے خلاف حملہ آور مسلح دہشتگرد 2 یا 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر بازار الخمائل کے نزدیک واقع جائے وقوعہ تک پہنچے تھے۔ واضح رہے کہ ہشام الہاشمی عراق کے گنے چنے سلامتی و سیاسی موضوعات پر کتابیں لکھنے والے تجزیہ نگاروں میں سے ایک تھے اور داعش جیسے شدت پسند گروہوں کے بارے انتہائی موثق اطلاعات رکھتے تھے۔ انہوں نے نہ صرف عراق سمیت پوری دنیا میں موجود شدت پسند دہشتگردوں کے بارے متعدد کتابیں لکھی تھیں بلکہ وہ ہر روز قومی سکیورٹی و سیاسی مسائل پر متعدد ملکی و عرب ٹیلیویژن چینلز پر گفتگو بھی کرتے تھے۔

خبر کا کوڈ : 873096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش