0
Tuesday 14 Jul 2020 22:26

قراقرم یونیورسٹی کی انتظامیہ فیسوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، حاجی رضوان

قراقرم یونیورسٹی کی انتظامیہ فیسوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، حاجی رضوان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما و سابق رکن جی بی اسمبلی حاجی رضوان علی نے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے طلباء و طالبات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ عالمی وبا کرونا سے پوری دنیا کے متعدد ادارے متاثر ہو چکے ہیں اور تعلیم و تعلم کو کرونا سے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ متعلقہ ادارے جدید تعلیمی ٹیکنیکس کا استعمال کرکے اس نقصان کا ازالہ کر سکتے ہیں۔ طلباء کو فیسوں میں رعایت دے کر گلگت بلتستان کے غریب طلباء و طالبات کا مستقبل روشن کیا جائے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی رضوان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین طلباء و طالبات کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، خاص کر کرونا وائرس جیسے عالمی وبا کے تناظر میں شہروں، دیہاتوں، بازاروں اور گھروں میں سماجی فاصلے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے اور دفاتر میں بھی محدود رہنے کے معاملے نے پوری زندگی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان حالات میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو آن لائن کلاسز لینے میں انٹرنیٹ کی مناسب سہولتیں مہیا نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشانی کا سامنا ہے، لہٰذا انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنیاں فوری طور پر اپنی سروس کے معیار کو بہتر بنائیں اور طلباء کو ذہنی اذیت میں مبتلا ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی انتظامیہ کا حد سے زیادہ فیسوں میں اضافے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
خبر کا کوڈ : 874443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش