0
Friday 24 Jul 2020 01:15

گلگت بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل کا قیام، شیخ میرزا علی صدر منتخب

گلگت بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل کا قیام، شیخ میرزا علی صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جی بی میں تنظیم سازی کیلئے مرکزی جنرل سکرٹری لیاقت بلوچ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 14 دینی تنظیموں نے شرکت کی۔ لیاقت بلوچ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دیگر مرکزی قائدین پیر سید ہارون علی گیلانی، حافظ عبدالغفار روپڑی اور ثاقب اکبر شریک ہوئے۔ نگران صوبائی وزیر مولانا سرور شاہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں شرکاء نے ملی یکجہتی کونسل کی جی بی میں توسیع کو خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اسلامی تحریک کے شیخ میرزا علی کو صدر اور مشتاق ایڈووکیٹ کو جنرل سکرٹری منتخب کیا گیا جبکہ مولانا سرور شاہ سرپرست اعلیٰ ہوں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ 1995ء میں جب گلگت میں فرقہ واریت کی آگ بھڑک اٹھی تو اس وقت ہم نے امن کیلئے کام کیا اور متفقہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے ذریعے تمام مسالک کے نمائندوں نے مل کر مذہبی آہنگی کیلئے کوششیں کیں۔ جی بی میں امن کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی نے جو کام کیا، اس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آئندہ مذہبی ہم آہنگی کیلئے مل کر کام کرینگے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جی بی کے حقوق کیلئے ہر سطح پر کوششیں کرینگے، یہاں کے عوام کی بڑی قربانیاں ہیں، ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر لہو لہو ہے، پانچ اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا اور حکمرانوں کو جگایا جائے گا۔ جی بی کو کشمیر کاز متاثر کیے بغیر حقوق دیئے جائیں۔

 جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر مشتاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا قیام خوش آئندہ ہے، امن کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر نے کہا کہ ہم ہر سطح پر جی بی کے مسائل کو اجاگر کرینگے۔ ملی یکجتی کونسل میں ہم عوامی ایکشن کمیٹی کی نمائندگی کے خواہش مند ہیں۔ جماعت اسلامی شعبہ سیاسیات کے امیر مولانا عبدالسمیع نے کہا کہ جی بی کے انتخابات وقت پر کرائے جائیں، تاخیر برداشت نہیں کرینگے، ہوٹلز، ٹرانسپورٹ اور سکولوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین فدا حسین نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے وفد کا دورہ خوش آئندہ ہے، ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اے اے سی کے سابق چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے کہا کہ ہم پہلے ہی ملی یکجہتی کونسل کے متلاشی تھے، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، کیونکہ یہاں اس طرح کے فورم کی اشد ضرورت ہے، امید رکھتے ہیں کہ کونسل جی بی کی محرومیوں کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کریگی۔ اجلاس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 876165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش