0
Thursday 30 Jul 2020 21:24

بلاول کے صادق اور امین ہونے پر بہت سے سوالیہ نشانات ہیں، شبلی فراز

بلاول کے صادق اور امین ہونے پر بہت سے سوالیہ نشانات ہیں، شبلی فراز
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور ان کے مشیر حقیقت سے بالکل بے خبر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کے صادق اور امین ہونے پر بہت سے سوالیہ نشانات ہیں۔ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریت سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم اوران کے خاندان نے بڑی محنت اورایمانداری سے نام کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے عدالت نے جو سوالات پوچھے ان کے انہوں نے جوابات دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منی ٹریل آپ اس وقت دے سکتے ہیں جب آپ نے ایمانداری سے پیسہ کمایا ہو۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عدالت نے صادق اور امین قرار دیا ہے جب کہ بلاول کے صادق اور امین ہونے پر بہت سے سوالیہ نشانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تمام کمائی قانونی راستے سے پاکستان منتقل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر پھینک رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ عوام نے عمران خان کے سماجی بھلائی  کے کام کود یکھتے ہوئے انہیں وزیراعظم منتخب کیا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بلاول بھٹو نے اپنی زندگی میں غریبوں کے لیے بھی کچھ کیا ہے؟۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ سرے محل کیسے خریدا گیا؟ کراچی میں جائیداد کیسے خریدی گئی؟ سوئس بینکوں میں 65 ملین ڈالرز کہاں سے آئے؟ اومنی گروپ کیسے بنا؟ منی لانڈرنگ کیسےکی گئی؟۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو کو ان سارے سوالات کے جوابات اپنی فیملی ہی میں مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کے پاس کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق سے علاقائی پارٹی بن گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ فضل الرحمان سے ملیں یا گل رحمان سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 877566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش