0
Tuesday 11 Aug 2020 17:02

اگر بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو نہ جانے مریم کیساتھ کیا ہوتا؟ مولانا فضل الرحمان

اگر بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو نہ جانے مریم کیساتھ کیا ہوتا؟ مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں سے ہمارے تحفظات ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لاہور میں آج پیش آنے والے واقعات قابل مذمت ہے، اگر بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو نہ جانے کیا ہوتا، مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، نیب کا رویہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ مناسب نہیں، نیب دفتر پر حملے کا جھوٹ بولا جا رہا ہے، نیب پر حملے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ نیب دفتر اور (ن) لیگی کارکنوں میں فاصلہ تھا، نیب اب بہانے بنا رہا ہے، ہم نے صرف مریم نواز کو بلایا تھا، رہنما پیش ہوں تو کارکن اکٹھے ہو جاتے ہیں، ہم نیب کی جانب سے کیے جانے والے عذر کو نہیں مانتے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ نیب احتساب کے لیے نہیں انتقام کے لیے بنایا گیا ادارہ ہے، حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کو استعمال کر رہی ہے، روز کی ذلت سے بہتر ہے کہ ایک پالیسی بنائی جائے کہ نیب میں پیش نہ ہوں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر تحفظات ہیں، اپوزیشن کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے، اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کا کردار واضح ہونا چاہیئے، جب تک اپوزیشن یکسو نہیں ہوگی، ہم اس ناجائز حکومت کے خلاف موثر کردار ادا نہیں کرسکتے۔ اس حکومت کو برے انجام تک پہنچانے کے لیے اللہ کی طرف سے ڈھیل ہوسکتی ہے۔ صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ نواز شریف کی پالیسی کے ساتھ ہیں یا شہباز شریف کی؟ جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ سوال ان سے پوچھنا چاہیئے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی پالیسی کے ساتھ ہیں یا نہیں۔؟
خبر کا کوڈ : 879659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش