0
Monday 17 Aug 2020 21:22

خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو بھرپور احتجاج کرینگے، عبدالواسع

خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو بھرپور احتجاج کرینگے، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے صوبہ بھر میں جاری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ دوہرا عذاب ہے۔ عوام گرمی کی وجہ سے تکلیف میں تھے ہی، اوپر سے ناروا لوڈ شیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں خواتین، بچے اور بوڑھے جبکہ ہسپتالوں میں مریض سخت تکلیف اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کرگیا ہے۔ صوبہ بھر میں جاری ناروا لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے۔ حیرت کی بات ہے جو صوبہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے اسی کو لوڈشیڈنگ کا بھی سب سے زیادہ سامنا ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو احتجاج پر مجبور ہوں گے، اس وقت خیبر پختونخوا جو تمام ملک کو سستی بجلی فراہم کرتا ہے جس سے وفاقی حکومت اپنی کمائی کا بڑا حصہ وصول کرتی ہے، میں بغیر شیڈول کے ناروا لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جہاں دیگر طبقات شدید متاثر ہیں وہیں کاروباری طبقہ اور دفتری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم نے الیکشن سے پہلے قوم سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے وعدے کئے لیکن اپنے سابقہ وعدوں سے یوٹرن کی طرح اس پر بھی یوٹرن لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ پیسکو اپنا قبلہ درست کرلے، لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو عوام کو سڑکوں پر لانے اور بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 880882
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش