1
Thursday 20 Aug 2020 22:59

محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کیجائے، علامہ تصور جوادی

محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کیجائے، علامہ تصور جوادی
اسلام ٹائمز۔ وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، کوارڈنیٹر عزاداری کونسل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر سید  فدا حسین نقوی، ڈپٹی کوارڈنیٹر عزاداری کونسل مولانا سید اسرار عباس نقوی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں دنیا بھر کی طرح وطن عزیز پاکستان بالخصوص ریاست آزاد کشمیر میں بھی عاشقان اہلبیت علیہم السلام اپنی تمام تر مصروفیات و دیگر مسائل کو پس پشت ڈال کر نواسہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور خاندان رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا غم منانے میں مصروف ہو جاتے ہیں، عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ہماری شہ رگ حیات ہے، بقول شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی، جس طرح مچھلی پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی اسی طرح عزاداری کے بغیر ہمارا زندہ رہنا ممکن نہیں۔ نواسہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام امت محمدی کے لئے مرکز وحدت ہیں۔

علامہ سید تصور جوادی نے مزید کہا کہ اس ماہ مبارک سے درس لیتے ہوئے ہمیں دنیا بھر کی ظالم و جابر قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم راہ حسینی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنا سر کٹا تو سکتے ہیں لیکن کسی ظالم اور جابر کے سامنے جھکا نہیں سکتے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ شر پسند عناصرکو کسی شرپسندی کا موقع نہ مل سکے۔ تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور اضافی نفری تعینات کر کے کسی بھی شرپسندی کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کی حثیت سے کورونا کے باعث حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا تاہم علاقائی انتظامیہ کو قانون کی عمل داری کے نام پر کسی جلوس کے راہ کی رکاوٹ بننے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام روایتی جلوس حسب سابق بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے انعقاد پذیر ہوں گے۔ رواداری اور باہمی احترام ہمارے مذہب کا حصہ ہے۔ علماء کرام کو چاہیے کہ تمام مسالک کے بنیادی عقائد کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں تاکہ تمام مسالک کے مابین ایک دوسرے کا احترام قائم رہ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ عناصر جو شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہمیشہ تاک میں رہتے ہیں ان کا مقصد کسی مسلک کے عقائد کا دفاع نہیں ہوتا بلکہ امت مسلمہ کے درمیان نفاق کا بیج بو کر اسلام دشمن قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنا ہوتا ہے۔ انہیں اپنے کردار، فکر اور عمل سے شکست دینا ہو گی اور ان شاء اللہ ہم اتحاد بین المسلمین کی عملی تصویر کو پیش کرینگے۔ علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران انتہاء پسندگروہوں کے فکری رہنماء اور کالعدم جماعتوں کے سرغنے بھی فعال ہو جاتے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے انتشار پھیلانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ قومی سلامتی کے اداروں کو ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنی ہوگی تاکہ امن و امان کی فضاء کو قائم رکھا جا سکے، ملت تشیع ایک پُرامن اور محب وطن قوم ہے اور ملک کے آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ان شاء اللہ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے محرم الحرام کے دوران قانون کے تمام تقاضوں کا احترام کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 881522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش