0
Monday 7 Sep 2020 00:36

فروعی مسائل کو ہوا دیکر آگ بھڑکانے والے ملکی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

فروعی مسائل کو ہوا دیکر آگ بھڑکانے والے ملکی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں علامہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کی آڑ میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کے مذموم مقاصد کو مذہبی ہم آہنگی سے شکست دی جائے گی۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو اتحاد بین المسلمین کے آزمودہ ہتھیار کے ذریعے ملکر پسپا کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی کوشش پورے ملک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ مختلف مکاتب فکر کے درمیان اختلافی امور کو ہوا دے کر انتشار پیدا کرنے والے ملکی و قومی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں۔ عالم اسلام کے تمام مسالک کے درمیان فروعی اختلافات صدیوں سے موجود ہیں، جن پر علمی اور صحت مندانہ مباحث برہان و استدلال کے ساتھ جاری رہتی ہیں۔ جو عناصر علم و عمل کی بجائے شدت اور ہٹ دھرمی کی زبان استعمال کرتے ہیں، وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے کہا تمام مسالک تمام تر فروعی اختلافات کے باوجود اخوت و رواداری کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ دشمن ہمارے سماجی رویوں اور معاشرتی اقدار کو نشانہ بنا کر دین محمدی کے پیروکاروں کو ایک دوسرے کا دشمن بنانے ہر تُلا ہوا ہے، تاکہ ہر گلی کوچے میں نفرتوں کی آگ بھڑکائی جا سکے۔ یہ وقت جذبات کی بجائے حکمت و تدبر کا متقاضی ہے۔ ہمیں عالمی حالات کا بھی ادراک ہے اور کم ظرف دشمنوں کے شاطرانہ حربوں سے آگاہی بھی ہے۔ "اپنے عقیدے کو چھوڑو نہ اور دوسرے کے عقیدے کو چھیڑو نہ" کے بہترین اصول پر عمل امن و سکون سے زندگی بسر کرنے کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے کہا اہل تشیع اور اہلسنت برادران مل کر ان تکفیری عناصر کا راستہ روکیں گے، جنہوں نے ملک میں شدت پسندی کی راہ ہموار کی اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اس ملک کو ستر ہزار سے زائد لاشیں اٹھانا پڑیں۔
خبر کا کوڈ : 884697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش