0
Monday 14 Sep 2020 18:47

لاہور، موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنیوالے ملزمان پکڑے گئے، جرم کا اعتراف کر لیا

لاہور، موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنیوالے ملزمان پکڑے گئے، جرم کا اعتراف کر لیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور موٹروے پر خاتون کیساتھ بچوں کے سامنے زیادتی کرنیوالے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دیپالپور سے گرفتار ہونیوالے ملزم شفقت نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم شفقت کی جانب سے ریکارڈ کرائے جانیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے اور ملزم عابد نے مل کر ڈکیتی اور خاتون کیساتھ زیادتی کی، لیکن جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہ وہاں سے فرار ہوگئے۔ انہوں نے ایک ماہ پہلے بھی شیخوپورہ میں ڈکیتی کے دوران خاتون سے زیادتی کی کوشش کی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے پر وہاں سے زیادتی کیے بغیر ہی فرار ہوگئے۔ ملزم شفقت نے انکشاف کیا کہ موٹروے پر واردات کے بعد انہوں نے ایک رات قلعہ ستار شاہ میں قیام کیا، اگلے روز وہ خود دیپالپور اور عابد مانگا منڈی اپنے والد کے پاس چلا گیا۔

ملزم نے بتایا کہ اس کا عابد علی سے آخری بار 3 روز قبل رابطہ ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم شفقت نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے ساتھی ملزم عابد نے کچھ عرصہ قبل بھی دورانِ ڈکیتی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، لیکن ملزم عابد پر اس وقت صرف ڈکیتی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ اس مقدمے میں مدعی نے کیس کی پیروی سے انکار کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق موٹروے پر ڈکیتی کیلئے عابد نے دعوت دی تھی۔ ابتدائی طور پر 3 لوگ عابد علی، شفقت علی اور بالا مستری واردات کرنیوالے تھے۔ اس کیلئے عابد علی نے باقی دونوں ملزمان کو لاہور سے بلوایا تھا۔ تینوں ہی واردات کیلئے ایک ساتھ نکلے لیکن بالا مستری راستے سے ہی واپس چلا گیا تھا۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے خاتون کے حوالے سے متنازع بیان دینے پر معافی مانگ لی۔ عمر شیخ نے آج گورنر ہاوس میں گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی اور ملاقات میں گورنر نے انہیں معافی مانگنے کی تجویز دی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے سی سی پی او نے باہر آ کر اس متاثرہ خاتون سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان سے کسی بھی بہن، بھائی یا سوسائٹی کے کسی فرد کی دل آزاری ہوئی ہو تو وہ معافی چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش